لاہور کے اندھیرے

 Lahore Darkness

Lahore Darkness

تحریر: انعام الحق
میڈیا اور ٹی وی کے مطابق اندھیروں کے بعد ہم روشنی کے سفر کی طرف گامزن ہیں۔ یہ روشنی معاشی و ملکی لحاظ سے توہو سکتی ہے لیکن نئی نسل اور عوام کی گمراہی کے لحاظ سے ایک کرن بھی ثابت نہیں ہو سکتی۔ پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں رات کے اندھیروں میں جو کچھ ہوتا ہے وہ اس قدر بھیانک اور خوفناک ہے کہ اُسکا ذکر کرتے ہوئے بھی میڈیا مالکان ڈرتے ہیں۔ یہ بات میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جس طرح ٹی وی پر اینکر، تجزیہ نگاراور دیگر، سیاستدانوں کے بارہ میں بیانات دیتے ہیں اور نجانے کہاں کہاں سے گرما گرم جاسوسیاں نکال لاتے ہیں عین اُسی طرح کسی بھی ایک شہر میں رات کے اندھیروں میں ہونے والی ڈانس پارٹیوں، مجروں کی محفلوں اور زنا خانوں کے بارہ میں سرعام بولیں تو اِن میں سے کوئی زندہ نہ بچ پائے۔ کیونکہ رات کے اندھیروں میں شہر یوں کو جگانے والا مافیا سسٹم اس قدر مضبوطی اختیار کر چکا ہے کہ جس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔اعلیٰ قیادتیں، اعلیٰ سیاستدان، اُمرا، تاجران اور اشرفیا تقریباً سبھی اس مافیا سسٹم کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں۔

پاکستان میں چیف منسٹر تو کافی ہیں لیکن ہم سب سے زیادہ شور مچانے والے خادم اعلیٰ پنجاب کے شہر لاہور کی بات کرتے ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ گذشتہ چند ہی سالوں میں خادم اعلیٰ نے پورے شہر کا نقشہ بدل دیا ہے۔بزرگ لوگ لاہور آکر پریشان ہو جاتے ہیں کہ وہ شاید اسلام آباد میں آ گئے ہیں۔

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

نئی عمارتیں، نئے راستے،نئے پُل،نئے نئے نام وغیرہ وغیرہ۔لیکن اب اگر ہم لاہور کے اندھیروں کا ذکر کریں تو کراچی سے اسلام آباد تک لاہور سے غلیظ شہر کوئی بھی نہیں۔پورا پاکستان سوشل میڈیا پر شور مچاتا ہے کہ اسلام آباد بہت زیادہ ماڈرن ہے اور بُرائی کا گھر ہے۔لیکن لاہور کے مقابل بات کریں ،کئی سو اسلام آباد بھی لے آئیں تو کم ہیں۔لاہور میں راتوں کو ہونے والی محفلوں میں جس طرح سرِعام بُرائی اور بے حیائی کی جاتی ہے اُس کی مثال آپکو کہیں نہیں ملے گی۔

پورے شہر میں اُمرائ نے فارم ہائوس بنا رکھے ہیں اور بظاہر اپنی آرام گاہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں،لیکن جناب!قصہ کُچھ اور ہی ہے!!!اپنے دوستوں،عزیزو اقارب اور گراہکوں کے لئے عیاشیوں کے اڈے قائم کئے گئے ہیں جن میں نہ صرف عام لوگ آتے ہیں بلکہ بڑے بڑے منسٹر بھی محفلوں کے مزے لوٹنے آتے ہیں۔

اُن محفلوں میں ناچ گانے کے علاوہ اہتمامِ شراب اور خاص طور پر تین سے چار افراد ایسے بٹھائے جاتے ہیں جو نئے نوٹ فراہم کرتے ہیں تاکہ مجرا کرنے والی رقاصائوں پر پھینکے جا سکیں۔پھر جس طرح بابائے قائد اعظم زمین پر پائوں کے نیچے رُسوا ہوتے ہیں، سوچتے بھی دل شرم سے دھیما ،آنکھیںنم اورجسم لرز جاتا ہے۔پھر اُنہی محفلوں کے اختتام پر اُمرائ،منسٹر،تاجراور دیگر عیاش لوگ اپنی پسند کی ڈانسرز کو اپنا بستر گرم کرنے کے لئے ساتھ بھی لے جاتے ہیں۔

لاہور کے اندھیروں میں ہونے والی اِن ڈانس پارٹیوں کے علاوہ چھوٹے موٹے فحاشی کے اڈوں پر جو سب سے گھنائونا فعل سرزد ہوتا ہے وہ ہے نئی نسل کے لئے فحاشی تک بآسانی رسائی۔کم عمر نوجوانوں کو گمراہ کرکے فحاشی کے فعل میں ڈال دیا جاتا ہے،شروع شروع میں بغیر معاوضے کے اُنہیں رقاصائوں کے چکر میں لایا جاتا ہے اور بعد میں وہ اپنی حسرتیں پوری کرنے کے لئے روپے پیسے چاہے وہ کسی بھی طرح اور کہیں سے بھی حاصل کرنے پڑیں، لے آتے ہیں۔

Adultery

Adultery

یہ ایسا فعل ہے جس سے آنے والی نئی نسل کو شدید خطرہ ہے۔نئی نسل پہلے ہی انٹر نیٹ اور موبائل فون کی تباہ کاریوں کا شکار ہے۔ اوپر سے برائے راست فحاشی کے اڈے مل جائیں تو یہ نسل تیزی سے گمراہی کی طرف گامزن ہو جائے گی اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ وہ نشہ ہے جس کی خاطر نوجوان کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جائیں گے بھلے وہ بڑے سے بڑا جرم ہی کیوں نہ ہو۔

گذشتہ کئی سالوں سے ہم جمہوریت کا رونا رو رہے ہیں لیکن اگر ہم اپنے جمہوری نمائندوں کی بات کریں تو ہمیں اُدھر بھی لوٹ مار اور فحاشی کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔معاملہ پارلیمنٹ لاجز کا ہو یا شراب کی بوتلوں کاہمارے جمہوری نمائندے اندر سے شدید گندے ہو چکے ہیں۔ایسے میں اگر ہمارے وہ علمائ جو سیاستدانوں کے حامی ہیں۔

یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس وقت اعلیٰ قیادت سنبھال کر معاشرے کو بہتر راستے پر چلا سکتے ہیں تو یہ وہ آستین کے سانپ ہیں جو نہ صرف معاشرے میں مزید بگاڑ پیدا کریں گے بلکہ عین ممکن ہے کہ یہ لوگ اپنے فحاشی کے اڈے بنا کر معاشرے کو گھسیٹ گھسیٹ کر اُن اڈوں میں لائیں اور ان نام نہاد علمائ سے یہ بھی بعید نہیں کہ اپنے فحاشی کے اڈوں کے بارہ میں فتوے جاری کر دیں کہ اُن میں جانا گُناہ نہیں﴿نعوذباللہ﴾۔اس زہریلی بیماری کا علاج صرف یہ ہے کہ جس طرح فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں ایماندار افسر بھرتی کرکے پنجاب بھر میں غلیظ خوراک بیچنے والوں کو سیل کیا جا رہا ہے اسی طرح ایماندار افسر بھرتی کرکے فحاشی کے اڈوں کو بند کیا جائے اور شہروں میں بنے ہوئے تمام فارم ہائوسز سیل کئے جائیں اور اس جرم میں پکڑے جانے والوں کو کڑی سزا دی جائے تاکہ وہ آئندہ اس بد فعلی سے دور رہیں۔

Inam Ul Haq

Inam Ul Haq

تحریر: انعام الحق