لاہور دھماکا، مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا اظہار مذمت

Lahore Blast

Lahore Blast

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں آج ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں معصوم افراد کی جانوں کے نقصان پر مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے اظہار مذمت کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف سید خوشید احمد شاہ نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اپنے پیغام میں شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام، پاکستان اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بلا خوف خطر پوری تندہی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ورنہ دہشت گردی کے خاتمے کی ہماری کوششیں مکمل کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکیں گی۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو گئی، لاہور بم دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے جاری احتجاج میں بم دھماکے پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے اظہارِ مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکا سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے باہربم دھماکے کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت اور سیکیورٹی فورسز پر عائد ہوتی ہے، پنجاب حکومت اور سیکیورٹی فورسز شہریوں کو جان ومال تحفظ فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے بھی لاہور دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ شہیدوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی لاہور میں آج ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے گورنر، وزیر اعلی سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

وزیر اعلی پرویز خٹک نے بھی لاہور دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا، اے این پی کے سینیٹر الیاس احمد بلور، خیبر پِختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، اہلسنت والجماعت خیبر پختونخوا کے صدر علامہ عطاء محمد دیشانی نے بھی لاہور دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔