لاہور سے 50 کروڑ روپے سے زائد جعلی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد، گروہ گرفتار

Fake Currency

Fake Currency

لاہور (جیوڈیسک) سی آئی اے پولیس نے کارروائی کر کے جعلی کرنسی بنانے والے گروہ کے 7 افراد کو گرفتار کر کے 50 کروڑ سے زائد ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

سی آئی اے پولیس نے لاہور میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر جعلی کرنسی بنانے والا پرنٹنگ پریس تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے مکان سے 40 لاکھ روپے کی تیار جعلی کرنسی اور ڈائیوں میں لگی کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی تحویل میں لے لی۔ پولیس کاکہنا ہے کہ برآمد کی گئی کرنسی کی مالیت 50 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، اس کے علاوہ پولیس نے جعلی کرنسی بنانے کے لئے استعال ہونے والے دیگر آلات اور پیپر بھی قبضے میں لے لئے۔

ایس پی سی آئی اے عمر ورک کے مطابق ملزمان جعلی کرنسی نہ صرف پاکستانی مارکیٹ میں پہنچاتے تھے بلکہ گروہ کے کارندے بیرون ملک بھی سرگرم تھے۔ پولیس کے مطابق اس گروہ کا سرغنہ پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے اور ایف آئی اے کی بلیک لسٹ میں شامل ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔