لاہور : کار سواروں کی فائرنگ، دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 زخمی

Lahore Firing

Lahore Firing

لاہور (جیوڈیسک) ٹبی سٹی کے علاقہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، اہلکاروں کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

لیڈی ولنگٹن ہسپتال کے قریب کار سواروں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار اور مخبر شدید زخمی ہو گئے۔

تینوں کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق زخمی اہلکار ظفر اور رضوان سی آئی اے غازی آباد میں تعینات ہیں جو ڈکیت گینگ کی گرفتاری کے لئے جا رہے تھے کہ ٹبی سٹی کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، تاہم ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

دوسری جانب زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔