لاہور شدید دھند کی لپیٹ میں، ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

Lahore Airport Fog

Lahore Airport Fog

لاہور (جیوڈیسک) لاہور شہر اور گردونواح کے علاقے ایک بار پھر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ حدنگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو بند اور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔

دھند کے باعث بجلی غائب ہونے سے شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔ لاہور میں سر شام چھانے والی کہر نے رات پڑتے ہی دھند کا روپ دھار لیا تھا۔

جوں جوں رات گزری شدید دھند کی سفید چادر شہر اور نواحی علاقوں کو لپیٹ میں لیتی گئی، نصف شب کو یہ عالم تھا کہ شہر میں دھند کی حکمرانی تو کھلے علاقوں میں ہاتھ کو ہاتھ سجھائی دینا بند ہوگیا تھا۔

حدنگاہ صفر تک پہنچ گئی، موٹروے کو بند کردیا گیا تھا۔ لاہور سے شیخوپورہ اور پنڈی بھٹیاں تک، جبکہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور گوجرہ تک سیکشنز پر ٹریفک روک دی گئی ہے۔

علامہ اقبال ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں میں حدنگاہ انتہائی کم ہونے پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیئے گئے ہیں۔ دھند کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے۔

بجلی غائب ہونے سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ گھروں کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور گلیوں بازاروں میں ہر سو ہوکا عالم چھا گیا ہے۔