لاہور: فیروزوالا میں حساس اداروں کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) فیروز والا کی خان کالونی میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا جس میں خود کش حملہ آور سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے خفیہ اطلاعات پر علاقے کو گھیرے میں لیا۔

کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ تین دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مکمل ہونے کے بعد پولیس نے علاقے کو کلیئر کر دیا۔

صحافیوں کو دہشت گردوں کی رہائش گاہ کا دورہ بھی کرا یا گیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے نئی رہائشی کالونی کے ایک مکان میں پناہ لے رکھی تھی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 6 خود کش جیکٹس، 25 کلاشنکوفیں، 300 سے زائد راؤنڈ اور ایک راکٹ لانچر بھی برآمد ہوا۔