لاہور، اسلام آباد سمیت ملکی بالائی علاقوں میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان

Raining Weather

Raining Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات یا اور کل اسلام آباد سمیت ملکی بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور مٹی کے طوفان کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان اور بنوں ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں بھی بارش اور مٹی کے طوفان کی پیشگوئی ہے۔

اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور یہ سلسلہ جمعہ کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملکی بالائی علاقوں کے علاوہ دیگر حصوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات و واقعات کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔