انتہا پسندی،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قرآن وسنت کی تعلیمات کو عالم کرنا ہوگا: طاہر محمود اشرفی

Lahore

Lahore

لاہور : انتہا پسندی،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قرآن وسنت کی تعلیمات کو عالم کرنا ہوگا ۔نوجوان نسل کو انتہاپسند نظریات اور افکار سے بچانے کیلئے کا واحد راستہ قرآن وسنت کی تعلیمات سے ان کو آگاہ کرنا ہے۔ آئمہ حرمین نے پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ حج کے بعد وہ انشاء اللہ پاکستان علماء کونسل کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے امام حرم کعبہ الشیخ ماحر المعیقلی اور امام حر م مسجد نبوی ۖ الشیخ عبد الرحمن الحذیفی نے ملاقات کے دوران کہی۔ آئمہ حرمین نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت مشکلات کا شکار ہے لیکن مشکلات سے نجات کا واحد راستہ اللہ اور اس کے رسول ۖ کی تعلیمات کی طرف رجوع میں ہے۔ آج مسلم امہ کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے مختلف فتنے ابھر رہے ہیں اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن امت مسلمہ کی وحدت کیلئے مسلم علماء اور مفکرین کو قرآن وسنت کی روشنی میں جدوجہد کرنی ہوگی۔

آئمہ حرمین نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور علماء سعودی عرب کی عوام اور علماء کے بہت قریب ہیں ۔امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے دونوں ممالک کے علماء کی سوچ و فکر بھی ایک ہے جو ایک خوش کن امر ہے اور انشاء اللہ اس سوچ اور فکر سے ہی امت مسلمہ کے مسائل حل ہوں گے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے آئمہ حرمین کا پاکستانی عوام اور علماء کیلئے نیک خواہشات کے پیغام اور پاکستان کے دورہ کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام ،علماء اور افواج نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں ۔جس طرح مملکت سعودی عرب نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن نائف کی قیادت میں دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور کررہی ہے

وہ قابل تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کی حرمین الشریفین کے ساتھ محبت کا رشتہ لازوال ہے۔ پاکستان کی عوام اور علماء ارض حرمین الشریفین کی خدمت اور تحفظ کیلئے خادم الحرمین الشریفین قیادت میں ہر ہر لمحہ حاضر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آئمہ حرمین الشریفین کے پاکستان کے دورے سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جہدجہد میں پاکستانی قوم کو بہت مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن عاصفة الحزم شروع کرکے سعودی عرب کی قیادت نے عالم عرب کو بالخصوص اور عالم اسلام کو بالعموم دہشت گردوں کے شر سے محفوظ بنانے کا آغاز کیا ہے جو ایک عظیم کامیابی ہے