لاہور : جائیداد کا لالچ، بھائی نے 2 بہنوں کو قتل کر دیا

Dead Bodies

Dead Bodies

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں جائیداد کے تنازع پر بھائی نے اپنی دو بہنوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ دوہرے قتل پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

باغبان پورہ کے علاقہ میں دو بہنیں بائیس سالہ عائشہ اور چھبیس سالہ نورین گھر میں مردہ پائی گئیں۔ پولیس نے تفتیش کی تو پتاچلا کہ قاتل کوئی اور نہیں، ان کا اپنا سگا بھائی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ بہنوں کے قوت گویائی سے محروم بڑے بھائی عتیق نے اشاروں سے بتایا کہ ان کے بھائی عقیل نے فائرنگ کر کے دونوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

محلے داروں کے مطابق والدین کی وفات کے بعد عقیل آئے روز اپنے بہن بھائیوں سے جھگڑا کرتا تھا۔ فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے، جبکہ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو تلاش کر رہے ہیں، جلد گرفتار کر لیں گے۔