لاہور قلندرز کی شاندار باؤلنگ، پشاور زلمی نے مشکل سے میچ جیت لیا

Pakistan Shield League

Pakistan Shield League

دبئی (جیوڈیسک) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی ہے۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی کو جیت کیلئے 60 رنز کا بظاہر آسان ہدف دیا تاہم قلندرز کی شاندار باؤلنگ کے آگے زلمی کے کھلاڑی بے بس نظر آئے اور آسانی سے یہ ہدف حاصل نہ کر سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے صرف ایون مورگن اور شاہد آفریدی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ مورگن نے 23 جبکہ آفریدی نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ یاسر شاہ کی گھومتی گیندوں کے آگے کوئی بلے باز نہ ٹک سکا۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر پشاور زلمی کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر باؤلرز میں سنیل نارائن نے 2 جبکہ سہیل تنویر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اننگز کے آغاز میں ہی اوپننگ کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ ملان کو سہیل تنویر نے ایک بی ڈبلیو کیا جبکہ محمد حفیظ کو سہیل نارائن کی گیند پر محمد رضوان نے سٹمپ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ایون مورگن اور کامران اکمل نے ساتویں اوور تک ٹیم کے سکور کو 24 رنز تک پہنچایا۔ تاہم اس کے بعد یاسر شاہ کے اوور کی پہلی ہی گیند پر کامران اکمل ایک غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل نے صرف 3 رنز بنائے اور ان کا کیچ گرانٹ ایلیٹ نے لیا۔

پشاور زلمی کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی بوم بوم آفریدی تھے جنہوں نے صرف 13 رنز بنائے۔ آفریدی نے سنیل نارائن کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش کی اور گرانٹ ایلیٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ فوری بعد ہی صہیب مقصود بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ یاسر شاہ کی گیند پر کپتان برینڈن مکلم نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔

یاسر شاہ کے اسی اوور میں پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ گری جب ایون مورگن کیچ آؤٹ گئے۔ فخر زمان نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ اس کے بعد پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی یاسر شاہ کی گھومتی گیندوں کو نہ سمجھ پائے اور بولڈ ہو گئے۔ پشاور زلمی نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کیا اور یہ سنسنی خیز میچ 3 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر اسے پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ تاہم لاہور قلندرز کے بلے بازوں نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرکے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا۔ لاہور قلندرز کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ قلندرز کی جانب سے صرف فخر زمان واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے کچھ ہمت دکھائی اور 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان برینڈن مکلم اور جیسن روئے میدان میں اترے۔ تاہم دونوں کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ کو بہت مایوس کیا اور جلد ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ میچ کے پہلے ہی اوور میں برینڈن مکلم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنا کیچ دے بیٹھے۔

یہ وکٹ محمد اصغر کے حصے میں آئی۔ اس کے بعد تو جیسے لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کی لائن ہی لگ گئی۔ دوسرے ہی اوور میں جیسن روئے بھی آؤٹ ہو گئے۔ حسن علی کی گیند پر جورڈن نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ دوسرے اوور کی آخری گیند پر عمر اکمل بھی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس دفعہ کیچ محمد حفیظ نے لیا۔ لاہور قلندرز کا سکور ابھی 27 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ایک خوبصورت کیچ لے کر انھیں چوتھا نقصان بھی دیدیا۔ حسن علی کی گیند پر ڈیرن سیمی نے گرانٹ ایلیٹ کا خوبصورت کیچ لیا۔

اس کے بعد فاخر زمان اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیا اور ٹیم کے سکور کو 47 تک پہنچایا تاہم یہ پارٹنرشپ بھی زیادہ دیر تک نہ چل سکی۔ محمد رضوان بھی غلط شارٹ کھیلنے کے چکر میں اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ وہاب ریاض کی گیند پر مورگن نے ان کا آسان کیچ لیا۔ لاہور قلندرز نے چھ اعشاریہ 4 اوورز میں اپنی پہلی نصف سنچری بنائی۔

لاہور قلندرز کا سکور ابھی 52 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ سنیل نارائن بھی پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔ اس کے بعد 53 کے سکور پر لاہور قلندرز کی ساتویں وکٹ بھی گر گئی جب سہیل تنویر رن آؤٹ ہو کر چلتے بنے۔ لاہور قلندرز کے آٹھویں کھلاڑی بلاول بھٹی تھے جو شاہد آفریدی کی گیند کا نشانہ بنے اور بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد باری وکٹ پر جم کر کھیل رہے فخر زمان کی تھی جن کا جورڈن کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل نے کیچ لیا۔ لاہور کے آخری کھلاڑی محمد عرفان بھی ایک غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔