لالہ موسیٰ کی خبریں 28/05/2015

Lala Musa

Lala Musa

لالہ موسیٰ (جمیل احمدطاہر) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمداشرف دیونہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 28مئی1998ء کو تمام تر دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے ایک ایسا تاریخی کارنامہ سرانجام دیا جس نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ۔پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرأتمندانہ اور دلیرانہ فیصلوں سے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنااور اب یہی پارٹی ملک کومعاشی قوت بھی بنائے گی۔ بلا شبہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اوردفاعی تاریخ کا ایک انتہائی اہم ترین دن ہے ۔تاریخی اہمیت کا یہ دن پوری قوم کیلئے باعث مسرت و افتخار ہے۔اس روز اسلامی دنیا کے اہم ملک پاکستان نے ہر قسم کے دبائو کو نظر انداز کر کے اپنی سلامتی اوربقاء کے تاریخ ساز فیصلے کو عملی جامہ پہنایااورایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ اب کوئی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ(جمیل احمدطاہر)دوران حراست ملزمان سے ناجائزپسٹل برآمد،پولیس تھانہ صدرلالہ موسیٰ نے ایس ایچ او شفقت بٹ کی قیادت میں سب انسپکٹرمحمداکرام نے زیرحراست ملزمان جاویدسکنہ رحیم یارخاں سے پسٹل 30بورناجائزاور عباس سکنہ لاہورسے پسٹل 30بور ناجائز برآمدکرکے مقدمات درج کرلئے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لالہ موسیٰ (جمیل احمدطاہر) سانحہ ڈسکہ پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنماء امیدوارکونسلرچوہدری بابرنواز جاگل نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس آئے روز بربریت کے عالمی ریکارڈ قائم کر رہی ہے ابھی ماڈل ٹائون اور نابینا افراد کے انسانیت سوز واقع کے نقوش ختم نہیں ہوئے تھے کہ ڈسکہ میں پنجاب پولیس کا وحشیانہ تشدد سامنے آ گیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سٹیٹ بن چکا ہے حکمران ظلم و بربریت کے ریکارڈ بنا رہے ہیں ظلم کی حکومت زیادہ دیر تک چلنے والی نہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنا طرز حکمرانی نہیں بدلا۔ غلطیوں پر غلطیاں کر کے حکمران اپنے لئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف اور صرف جمہوریت کی بقا کے لئے حکمرانوں کا ساتھ دے رہی ہے ایسے واقعات پر حکمرانوں سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ (جمیل احمدطاہر) گورنمنٹ بوائزہائی سکول خواصپورمیں خصوصی تقریب منعقدہوئی ،تقریب کی صدارت ہیڈماسٹرشاہدکامران نے کی،جبکہ مہمان خصوصی نوجوان سماجی شخصیت چوہدری تنویراشرف خواص پور تھے،تقریب کے دوران مقررین نے سکول کے گرائونڈ میں دولاکھ روپے کی خطیررقم سے سکول گرائونڈ میں بھرتی ڈلوانے اور گرائونڈ کو بچوں کے کھیلنے کے قابل بنوانے پر چوہدری تنویراشرف خواصپور کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا،اور سکول انتظامیہ کی طرف سے ان کا شکریہ اداکیاگیا،تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے چوہدری تنویراشرف خواصپور نے کہاکہ اپنے علاقہ کی خدمت اور خصوصاً سکول کے بچوں کیلئے یہ کام کرکے دلی خوشی ہوئی ہے ،آئندہ بھی اپنی بساط کے مطابق خدمت کرتارہونگا،قبل ازیں جب مہمان خصوصی چوہدری تنویراشرف خواص پورتقریب میں پہنچے توہیڈماسٹرشاہدکامران اور سٹاف نے ان کا منوں پھولوں کی پتیوں اور ڈھول کی تھاپ پرشانداراستقبال کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ (جمیل احمدطاہر) امیدوارجنرل کونسلرعبدالناصرزرگر کی درخواست پر سینٹری انسپکٹر ٹی ایم اے محمداعظم بھٹی نے اپنے عملہ کے ہمراہ گلی رانجھاحلوائی،گلی نثارمسجد،گلی نذرپہلوان والی،گلی لال مسجد،اور گلی بلال مسجدکی صفائی کرادی جس سے گلی محلے چمک اٹھے،اس موقعہ پر عبدالناصرزرگرنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ وارڈ بھرکی صفائی کروانے پرمیں چیف آفیسرمرزامشرف بیگ اور سینٹری انسپکٹرمحمداعظم بھٹی کا شکریہ اداکیا،اس موقعہ پرانہوں نے مزیدکہاکہ اپنی وارڈ کے عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے ،بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاسل کرنے کے بعد اپنی وارڈ کی تقدیربدل دوں گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ (جمیل احمدطاہر) یوم تکبیر کے موقعہ پر حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کی طرف سے لالہ موسیٰ میں کسی قسم کی تقریب کا انعقادنہ ہوسکا،چکرمحلہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے جوشیلے کارکن میاں محمدبوٹاالمعروف بابا شیرنے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی اپنی رہائشگاہ سے شاہین اور غوری میزائلوں کے ماڈل ریڑھی پر سجاکر پورے شہرکا چکرلگایاجسے لوگ بڑے انہماک سے دیکھتے رہے ،میاں محمدبوٹاالمعروف بابا شیرنے کہاکہ یوم تکبیرمنانا محب وطن پاکستانی ہونے کی دلیل ہے یہ تہوارکسی جماعت سے منصوب نہیں بلکہ یہ پاکستان کی سلامتی سے منصوب ہے ،جب تک زندہ رہایوم تکبیراسی اندازمیں مناتارہوں گا۔