للت مودی کے انکشافات پر آئی پی ایل کا معاملہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کے سپرد

ICC

ICC

دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کی جانب سے تہلکہ خیز خط ملنے کی تصدیق کردی، تین ٹاپ انٹرنیشنل کرکٹرز پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا معاملہ اینٹی کرپشن یونٹ کے سپرد کردیا گیا، کھلاڑیوں کا تعلق بین الاقوامی کرکٹ سے ہونے کی وجہ سے بھارتی بورڈ کو معاملے سے الگ رکھا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے کہ انھیں آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کا خط مل گیا ہے جس میں انھوں نے تین ٹاپ اور آئی پی ایل میں باقاعدگی سے شریک ہونے والے کرکٹرز پر کرپٹ رقومات وصول کرنے کا الزام عائد کیا ہے یہ خط انھوں نے جون 2013 میں بھیجا تھا مگر آئی سی سی کی جانب سے اس بارے میں خاموشی چھائی ہوئی تھی۔

گذشتہ روز کسی نئے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وہ لیٹر شیئر کیا گیا اور مودی سے پوچھا گیا کہ اس کا کیا نتیجہ نکلا، جس پر مودی نے کہا کہ یہ آپ کو آئی سی سی، بی سی سی آئی ، آئی پی ایل سے پوچھنا چاہئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لیٹر افشا کرنے والا اکاؤنٹ جلد ہی ختم کردیا گیا مگر معاملہ میڈیا میں آگیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق مودی نے جن تین پلیئرز کا نام لیا وہ چنئی سپر کنگز کے سریش رائنا، رویندرا جڈیجا اور اسی ٹیم میں شامل ویسٹ انڈین پلیئر ڈیوائن براوو ہیں۔

آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں مودی کی خفیہ میل مل چکی اور ہم نے اسے تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھیج دی اور اس نے اپنا کام شروع کردیا، اس سلسلے میں بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے بھی معلومات شیئر کی جارہی ہیں۔ یہ معلوم ہوا ہے کہ بھارتی بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھیجی گئی ای میل میں واضح کیا گیا۔

چونکہ یہ تینوں پلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے وابستہ ہیں اس لیے ان کے بارے میں تحقیقات آئی سی سی کا یونٹ ہی کرے گا یاد رہے کہ آئی پی ایل کے سابق چیئر مین للت مودی سر دست بھارتی کرکٹ انتظامیہ سے اچھے تعلقات نہیں رکھتے اور وہ کافی عرصے سے لندن میں وقت گزار رہے ہیں۔