ملک کے بالائی علاقوں کی برفباری نے سردی کی لہر میں اضافہ کر دیا

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے سیاحتی مقامات پر شہریوں کا رش لگا ہوا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھتی جارہی ہے۔

ملک کے بالائی علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ مری ، ایبٹ آباد ، ناران کاغان اور دیگر سیاحتی مراکز کے راستے برف ڈھکے ہوئے ہیں ،راستے دشوار ہونے کے باوجود پر سیاحوں کا رش لگا ہوا ہے ۔ منچلے نوجوان اور بچے برف کے گولے بنا کر ایک دوسرے پر پھینک کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے آج بھی جاری ہے ۔جلانے کی لکڑیاں اور ایل پی جی گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،گلگت اور گردنواح میں موسم آبر آلود ہے۔

گلیات میں متعد د رابطہ سڑکیں اب تک بند ہیں، مانسہرہ میں بھی موسم بادستور سرد ہے۔ چمن پشین زیارت سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سائبیرین ہوائیں چلنی شروع ہو گئیں ہیں۔ادھر سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی بتدریج سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے-