نازیبا زبان کے استعمال پر بنگلہ دیش کے دو کھلاڑیوں پر جرمانہ، بٹلر کی سرزنش

England vs Bangladesh

England vs Bangladesh

ڈھاکہ (جیوڈیسک) انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اتوار کو کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے انگلش کپتان جوس بٹلر کی سرزنش جبکہ بنگلادیش کے کھلاڑیوں کو جرمانے کئے گئے ہیں۔

ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ کے دوران جوس بٹلر کی بنگلادیشی کھلاڑیوں کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی تھی جب اُنھیں ریویو لینے کے بعد آؤٹ قرار دے دیا گیا تھا۔

اُنھیں نازیبا الفاظ استعمال کرنے یا اشارے کرنے میں ملوث پایا گیا۔ آئی سی سی نے اِسی معاملے میں ملوث ہونے پر بنگلادیش کے کھلاڑیوں مشرفی مرتضی اور صابر رحمان پر میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ بھی کیا گیا۔

بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ اور بیٹسمین صابر ظفر رحمان کو بھی ‘ایسی زبان، عمل یا اشارے کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا ہے جس سے آؤٹ ہونے والا بیٹسمین اشتعال انگیزی کا شکار ہو سکتا تھا۔’

آئی سی سی ریفریز کے ایلیٹ پینل کے جواگل سری ناتھ سے اس سزا کا فیصلہ سنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے جوس بٹلر کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار جس انداز میں کیا وہ ‘آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کی جانب سے غیرمناسب ردعمل کا باعث بنا اور فیلڈ میں موجود امپائروں کو مداخلت کرنا پڑی۔’

خیال رہے کہ ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 34 رنز سے شکست دی تھی جبک پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے 21 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ایک روزہ میچ 12 اکتوبر کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔