قانون نافذ کرنے والوں کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے: اوباما

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر نے امریکہ میں تمام طبقہ ہائے فکر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ “ہم مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے کامیاب نہ ہو سکیں۔”

امریکہ کے صدر براک اوباما نے مختلف واقعات میں آٹھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے تناظر میں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے افسران کو یقین دلایا کہ انھیں قوم کی “مکمل حمایت” حاصل ہے۔ قانون نافذ کرنے والی برادری کو لکھے گئے ایک کھلے خط میں صدر کا کہنا تھا کہ “ہماری قوم دکھ میں آپ کے ساتھ ہے۔ پولیس پر کوئی بھی حملہ بلاجواز اور ہم سب پر حملہ ہے۔”

صدر نے لکھا کہ “ہم اس مشکل وقت سے اکٹھے نکلیں گے”۔ انھوں نے امریکہ میں تمام طبقہ ہائے فکر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ “ہم مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے کامیاب نہ ہو سکیں۔” یہ خط 18 جولائی کو تحریر کیا گیا جس سے ایک روز قبل ہی ریاست لوزیانا کے علاقے بیٹن روج میں تین پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔

رواں ماہ ہی ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے پانچ اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک نمائندہ تنظیم “نیشنل فریٹرنل آرڈر آف پولیس” کے صدر چک کنٹبرے نے اوباما کے خط کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب قانون نافذ کرنے والوں کی معاونت پر کام کیا جائے۔

امریکہ میں حالیہ ہفتوں میں پولیس کی طرف سے خاص طور پر سیاہ فام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف بڑی تعداد میں مظاہرے ہوئے اور صدر یہ کہہ چکے ہیں کہ اس ضمن میں لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔