وکیل کی تیاری نہ ہونے کے باعث ایان علی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ملتوی

Ayyan Ali

Ayyan Ali

راولپنڈی (جیوڈیسک) ماڈل گرل ایان علی کیخلاف منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے سے متعلق کسٹم کی درخواست پر سماعت ملزمہ کے وکیل کی تیاری نہ ہونے کے باعث ملتوی کر دی گئی۔

راولپنڈی کے سپیشل جج کسٹم رانا آفتاب احمد نے کرنسی سمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کیخلاف منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ ملزمہ کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔

ان کی جگہ خرم لطیف کھوسہ پیش ہوئے اور استدعا کی کہ مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست میں وکالت نامہ جمع کرانا چاہتا ہوں۔ فاضل عدالت نے بتایا کہ وہ پہلے ہی اس کیس میں وکیل ہیں ، وکالت نامے پر 6 جولائی کی تاریخ بھی درج ہے۔

خرم لطیف کھوسہ نے کہا کہ پہلے کرنسی سمگلنگ کیس میں وکالت نامہ جمع کرایا۔ یہ کسٹم کی دوسری درخواست ہے، فاضل جج نے ریمارکس دیئے وہ تحریر کر دیتے ہیں وکیل کی تیاری نہ ہونے کے باعث سماعت ملتوی کی ، آئندہ سماعت تیرہ فروری کو ہوگی جس میں فرد جرم کی کارروائی کا آغاز ہوگا۔