لیہ: جماعت الاحرار کے 5 دہشت گرد مار دیے گئے، 3 فرار

Police Search Operation

Police Search Operation

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ لیہ سے کالعدم جماعت الاحرار کے 5 دہشت گرد مقابلے کے بعد مار دیئے گئے جبکہ 3 تین دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بارود اور حساس مقامات کے نقشے برآمد کیے گئے۔ دہشت گرد ملتان میں واردات کرنا چاہتے تھے۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ لیہ کی تحصیل چوبڑا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی جس کے بعد اسنیپ چیکنگ سخت کر دی گئی تھی، ایک گاڑی کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ کردی۔

جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے اور3 دہشت گرد فرار ہو گئےجن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ہلاک ہونے والے پانچ دہشتگرد وں کا تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے ہے۔اُن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ ، بارود اور حساس نقشے برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشتگرد ملتان میں کسی مذہبی مقام کو تخریب کاری کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

دوسری جانب ملتان میں پولیس اورحساس اداروں نے 10 اہم علاقوں میں سرچ آپریشن کیاجس میں 7 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 600 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔

ملتان میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے ۔ داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت ہے جبکہ گزشتہ روز شہر کی تین اہم درگاہیں حضرت بہاو الدین زکریا ملتانی ، حضرت شاہ شمس تبریز اور حضرت شاہ رکن الدین عالم کی درگاہ کا پارکنگ ائیریا درگاہوں سے 30 گز دور بنا دی گئی ہے۔