کیربییئن لیگ : شعیب ملک 20جون سے ایکشن میں ہونگے

Shoaib Malik

Shoaib Malik

لاہور (جیوڈیسک) شعیب ملک 20 جون سے کیریبیئن لیگ میں ایکشن میں ہونگے تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف سیریز میں کم بیک پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے شعیب ملک کی دورہ سری لنکا کے ٹیسٹ میچز میں شرکت کا امکان کم ہے، آل رائونڈر 20جون سے کیریبیئن لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، وہ ایونٹ میں فرنچائز بارباڈوس ٹرائڈینٹس کی نمائندگی کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ واپسی پر اچھی کارکردگی دکھانے سے بھی زیادہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور گرین شرٹس کی فتح پر خوش ہوں،شائقین کے جوش و خروش نے کرکٹ سے محبت کا ثبوت دیا،شاندار انتظامات پر حکومت، فورسز اور پی سی بی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کھلاڑیوں نے کامیابی کیلیے خوب جان لڑائی، کپتان اظہر علی ابھی سیکھنے کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ انھیں سینئرز کی بھرپور سپورٹ حاصل رہے گی، کوچز بھی بڑی محنت کررہے ہیں، ابھی ہم دیگر بڑی ٹیموں سے تھوڑا پیچھے ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ کمبی نیشن بنے گا اور بہتر ہوتے جائیں گے، جہاں تک ذاتی کارکردگی کا تعلق ہے۔

کسی بھی حیثیت میں کھیلنے کا موقع ملا ایک پروفیشنل کھلاڑی کا حق ادا کرنے کیلیے بھرپور محنت اور پرفارم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہوں، صبر کا پھل ملنا شروع ہوگیا۔

شعیب ملک نے کہا کہ فٹنس اور کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ورلڈکپ 2019میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، ماضی میں روابط کا فقدان ہوگیا تھا،اب اس مسئلے پر بھی قابو پالیا، پاکستان کی بات ہو تو ہر قسم کی انا کو پیچھے ڈال دینا چاہیے،انھوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں تاہم میرا کام محنت اورفیصلہ سلیکٹرز کو ہی کرنا ہوتا ہے۔