پاناما لیکس تنازعہ : حکومت نے جوابی حکمت عملی تیار کر لی

Ishaq Dar and Maryam Nawaz

Ishaq Dar and Maryam Nawaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) پانامہ لیکس پر اپوزیشن کے الزامات کا کیسے توڑ کیا جائے۔ اسحاق ڈار، مریم نواز، شہباز شریف اور وفاقی وزرا نے اہم فیصلے کر لئے۔ مسلم لیگ نون اپوزیشن کو بھرپور جواب دے گی، عوام کو اعتماد میں لیا جائیگا۔

اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے بڑوں کی پہلی بیٹھک۔ وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ پر الزامات کی مذمت۔ اپوزیشن کو کرارا جواب دینے اور عوام کو سازشوں سے آگاہ کرنے کا فیصلہ۔ نواز شریف کی صحت یابی کی دعا۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملکی اقتصادی ایجنڈے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش اور عوامی ترقی کے سفر کو ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی اپوزیشن کی ایسی سازشوں کا مقابلہ کیا، اب بھی کریگی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزرا پرویز رشید، عبدالقادر بلوچ، خواجہ آصف، زاہد حامد، سعد رفیق، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اور مشاہد اللہ نے شرکت کی۔

اسحاق ڈار نے انہیں وزیر اعظم کی ہدایات پہنچائیں کہ وہ سازشوں کو اہمیت دیں نہ ان پر وقت ضائع کریں، بلکہ اپنی توجہ ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز رکھیں۔