پاناما لیکس سے زیادہ اہم ترین دہشت گردی کاخاتمہ اور چھوٹو گینگ کو نکیل ڈالنا ہے۔ حافظ طاہر جمیل

Hafiz Tahir Jamil

Hafiz Tahir Jamil

فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما و صدر انجمن تاجران منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ پاناما لیکس سے زیادہ اہم ترین دہشت گردی کاخاتمہ اور چھوٹو گینگ کو نکیل ڈالنا ہے’ پاناما لیکس سیاسی معاملہ جبکہ دہشت گردوں اور ڈاکوئوں سے جان چھڑانا معاشی و سماجی معاملہ ہے ‘ اگر وطن عزیز میں ہر طریقے سے امن ہوگا۔ لوگ آرام سے اپنا کاروبار کریں گے تو معیشت کو استحکام نصیب ہوگا۔

جس کے نتیجہ میں بے روزگاری’ مہنگائی اور غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا’ پاناما لیکس عام آدمی کا مسئلہ نہیں یہ صرف حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کا ایشو ہے جسے وہ قومی سلامتی سے بھی زیادہ اہمیت دے رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ نے کئی دہائیوں سے نہ صرف پنجاب بلکہ بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقوں کو یرغمال بنا کر عوام کو لوٹنا اور مزاحمت پر قتل کرنا شروع کر رکھا ہے۔

تاہم خادم اعلیٰ پنجاب انہیں نکیل ڈالنے کیلئے میدان عمل میں نکل چکے ہیں زیادہ نہیں بس دویا تین دنوں میں اس ڈکیت اور قاتل گینگ کے خاتمے کی عوام خوشخبری سنیں گے جبکہ آرمی چیف دہشتگردوں کے خلاف جنگ جیتنے کے قریب تر پہنچ چکے ہیں اب عوام کی زندگی میں سکون اور چین ہوگا ‘ مصیبتوں کے دن اب گنے جا چکے ہیں۔