چھ ماہ ملک سے باہر رہنے والا قانونی طور پر ٹیکس نادہندہ نہیں : دانیال عزیز

Danial Aziz

Danial Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ چھ ماہ تک ملک سے باہر رہنے والا قانونی طور پر ٹیکس نادہندہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف والے روز نیا اعتراض لگا کر عدالت آ جاتے ہیں لیکن آج تک انہوں نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ، نہ ہی ان کی دستاویزات قابل سماعت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حسین اور حسن نواز شریف پر اعتراض کرتے ہیں مگر وہ دونوں تو پاکستان سے باہر ہیں اور اس لئے ان پر اعتراض بلا جواز ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے کہ ہم خود ہی رسی بھی لائیں اور اس کا پھندا بھی خود بنائیں اور اس کے بعد اس میں جھول بھی جائیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی کامیابیوں کا ایجنڈا عمران خان کو پسند نہیں ، ناکام خان ملکی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

چینی صدر کے دورے میں بھی انہوں نے رکاوٹ ڈالی تھی ، انہیں چاہیئے کہ وہ عدالت آنے کی بجائے پشاور کے زخمیوں کی عیادت کریں۔