آئی لینڈرز کی ناتجربہ کاری نے پاکستان کا حوصلہ بڑھا دیا

Azhar Ali

Azhar Ali

کولمبو (جیوڈیسک) آئی لینڈرز کی ناتجربہ کاری نے پاکستان کا حوصلہ بڑھا دیا، کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ میزبان بیٹسمینوں کی خراب فارم کو ذہن میں رکھتے ہوئے بولرز نے کاری ضربیں لگائیں،فیلڈرز نے بھی ساتھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سیریز فتح پر کپتان اظہر علی بیحد مسرورہیں، انھوں نے کہا کہ چوتھے میچ میں سری لنکن ٹیم میں ناتجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ابتدا سے ہی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی اپنائی جو کارگر ثابت ہوئی،ہمیں اندازہ تھا کہ بیشتر میزبان بیٹسمین فارم میں نہیں ہیں، بولرز اچھی لائن اور لینتھ پر گیندیں کرتے گئے، فیلڈرز نے بھی بھرپور ساتھ دیا جسکے نتیجے میں وکٹیں ملنے لگیں۔

خطرناک میتھیوز پر بھی جلد قابو پانے سے بیٹنگ وکٹ پر آئی لینڈرز کو 256تک محدود رکھنے کا مقصد حاصل کرلیا، انھوں نے کہا کہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہم جانتے تھے کہ میزبان ٹیم کو چند اچھے بولرز کی خدمات حاصل ہیں،ایک بار حاوی ہوگئے تو سفر دشوار ہوتا جائیگا، احمد شہزاد نے غیر معمولی کار کردگی پیش کرتے ہوئے فتح کی بنیاد رکھ دی، اوپنر نے مثبت انداز میں کھیلتے ہوئے ہر خراب گیند کو باؤنڈری کی سیر کرائی، آئی لینڈرز دباؤ بڑھانے کی پوری کوشش کررہے تھے کہ حفیظ ڈٹ گئے۔

انھوں نے اہم اننگز کھیلی جو دفاع اور جارحیت کا امتزاج تھی، وہ صحیح معنوں میں ایک سینئر کے کردار سے انصاف کرنے میں کامیاب ہوئے۔اظہر نے کہا کہ تمام بیٹسمین ان فارم اور رنز کررہے ہوں تو کپتان اور ٹیم کیلیے بڑا اطمینان بخش اور سب کو اسٹروکس کھیلنے اور تیزی سے رنز بنانے کا حوصلہ ملتا ہے۔

ہر کوئی اپنے کردار سے آگاہ اور کچھ کردکھانے کیلیے بیتاب نظر آتا ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور گرین شرٹس اپنی کارکردگی میں بہتری کی جانب گامزن رہیں گے، انھوں نے کہا کہ آئی لینڈرز کو ان کے ہوم گراؤنڈز پر ہرانا کبھی آسان نہیں ہوتا،ہم 9 سال سے یہاں سیریز نہیں جیت پائے تھے، اس بار فتح کی شدید بھوک تھی، کھلاڑی مقصد میں کامیابی پر بیحد خوشی محسوس کررہے ہیں۔