لیسکو نے لاہور میں گرڈ سٹیشن بند کر دئیے

Lahore Grid Station

Lahore Grid Station

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے ، لاہور شہر میں دھند کی وجہ سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ، لیسکو نے گرڈ سٹیشن بند کر دئیے جس کی وجہ سے رات بھر شہری بجلی سے محروم رہے۔

لیسکو ذرائع کا کہنا ہے شدید دھند کی وجہ سے ترسیلی نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، احتیاطی طور پر سسٹم بند کیا گیا ۔ دوسری طرف پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ، لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹر وے کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں ۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج رہا ، موٹر وے کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا ، دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے موٹر وے لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں ، فیصل آباد اور گوجرہ تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ کندیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کلور کوٹ اور جھنگ سمیت دیگر مقامات پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، لاہور ، شیخوپورہ اور مریدکے میں دھند کی وجہ سے مختلف ٹریفک حادثات میں سترہ افراد زخمی ہوئے۔