پانامہ لیکس پر کارروائی میں تاخیر پاکستان سے بے وفائی ہے، سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

پشاور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس پر کارروائی میں تاخیر پاکستان سے بے وفائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کے مسئلے پر حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پاکستان کی عزت کا مسئلہ ہے۔

جبکہ معاملے کی تحقیقات میں سستی ملک سے بے وفائی ہے۔بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کے مسئلے پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جبکہ پاکستان کو اس معاملے کو عالمی فورم پر اٹھانا چاہیئے۔

تاہم معاملے پر فوری آواز نہ اٹھائی گئی تو ڈر ہے کہ مطیع الرحمان کو پھانسی دے دی جائے گی۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ مطیع الرحمان اور دیگر رہنماوں کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے پاک فوج اور پاکستان کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور تمام وزراء اس معاملے پر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔