کتب خانہ

Pir Ali Abbas Shah's Athenaeum

Pir Ali Abbas Shah’s Athenaeum

کون کہتا ہے کہ گل مرجھا کے کھل سکتے نہیں اُن سے ملواتا ہے تو جو لوگ مل سکتے نہیں

اے کتب خانے متاع ِعلم کے گنج ِخطیر اے کہ تیرا ہرورق اِکلکّۂ ابر ِمطیر
تجھ میں تاب ِمہر تاباں جلوئہ ماہ ِمنیر تیری سطریں حاصل ِنبض ِحکیمان ِکبیر
بادئہ افشردئہ افکار تیرے خم میں ہے جزر ومد ِفکر انسانی تیرے قلزم میں ہے
تیرے ہر قطرے میں جولانی ہے رود ِنیل کی مورتیں ہیں تیرے زرّیں طاق میں تحصیل کی
عظمتیں ہیں تیرے سقف وبام میں تکمیل کی تیرے گوشوں میں ہوا ہے دامن ِجبریل کی
تجھ میں ہیں وہ زمزمے آغازاور انجام کے اہل ِدِل سننے کو آتے ہیں کلیجہ تھام کے
تیرے ہر اِک دائرے میں دولت ِعلم ونظر تیرے ہر مصحف کی زرّیں جلد میں روح ِبشر
ہاں بہ شکل ِحرف وہ غنچے ہیں تجھ میں جلوہ گر کلک ِجاں پرور نے چٹکایاتھا جن کو چوم کر
علم کے وہ ساز جن میں نغمہ ٔادوار ہے اُن کی تیرے گنبد ِالفاظ میں جھنکار ہے
اے کہ لفظوں سے تیرے شمس وقمر ہیں منفعل اے بہار ِپائیدار ،اے رنگ وبوئے مستقل
تجھ میں ہیںکتنے دماغ اے طاق ِعالی مشتعل کتنے رِندوں کے دھڑکتے ہیں تیرے سینے میں دِل
آب وتاب ِخورد بین وجلوئہ گل تجھ میں ہے فلسفی کی فکر شاعر کا تخیل تجھ میں ہے
تیرے گوشوں میں کہیں تو ہے مناجاتوں کی گونج اور کہیں ارباب ِحل وعقد کی باتوں کی گونج
اور کہیں گل بانگ میں ڈوبی ہوئی راتوں کی گونج اور کہیں ارباب ِپیشیں کی ملاقاتوں کی گونج
کون کہتا ہے کہ گل مرجھا کے کھل سکتے نہیں اُن سے ملواتا ہے تو جو لوگ مل سکتے نہیں

Shabbir Hasan Khan Josh Afridi

Shabbir Hasan Khan Josh Afridi

شاعر ِانقلاب شبیر حسن خان جوش آفریدی ملیح آبادی ٥دسمبر١٨٩٤تا ٢٢فروری١٩٨٢ئ