سن رائزز حیدرآباد ویرات کوہلی کی ٹیم کو شکست دیکر آئی پی ایل کی فاتح بن گئی

 IPL

IPL

بنگلور (جیوڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل میچ میں سن رائزز حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 8 رنز سے شکست دے دی آئی پی ایل کے نویں ایڈیشن کی فاتح ٹیم بن گئی۔

بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سن رائزز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے جس کے جواب میں سن رائزز حیدرآباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 200 رنز ہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں ویرات کوہلی کی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا اور اوپننگ بلے باز کرس گیل نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے، گیل 38 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 114 کے مجموعی اسکور پر 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان ویرات کوہلی نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، اے بی ڈیویلیئرز 5، شین واٹسن اور لکیش راہل 11،11 رنز بناسکے۔ سن رائزز کی جانب سے بین کٹنگ نے 2، بیپول شرما، مستفض الرحمان اور برندر سران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے سن رائزز حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شیکر دھاون 28، موائسسز ہینرک 4، یوراج سنگھ 38، دیپک ہدا 3، نامان اوجھا 7 اور بیپل شرما 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بین کٹنگ 15 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔