لوڈ شیڈنگ سے نجات کا ایک سنگ میل عبور کر لیا، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ پائور پلانٹس منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان نیوکلیئر سائنس میں تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے،ہم نے لوڈ شیڈنگ سے نجات کے سفر کا ایک سنگ میل عبور کر لیا ہے، صرف سیاست کی خاطر پاکستان کے مفاد کو قربان نہ کیا جائے۔

چشمہ تھری نیوکلیئر پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے،2018 تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائےگا،چشمہ پاور پلانٹس 600 میگاواٹ سے زائد سستی بجلی فراہم کر رہے ہیں، یہ منصوبہ اس خطے میں ترقی کے ایک نئے سفر کا سنگ بنیاد ہے۔

انہوں نے چشمہ پاور پلانٹس کے عملے کے لیے دو ماہ کے بونس کا اعلان کیا اور کہا کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں،ان پر انتہائی تیز رفتاری سے کام ہورہا ہے، یقین ہے 2018 میں بجلی کی نہ صرف قلت دور ہوگی بلکہ بجلی سستی بھی ہوگی،جس سے ملکی معیشت مضبوط اور عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ چین کی حکومت کے ساتھ چینی اٹاملک اتھارٹی اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے توانائی کے بڑے منصوبوں کا قیام ناگزیر ہے، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اس چیلنج کو قبول کرکے نئے منصوبوں پر کام کرے،کے ٹو اور کے تھری منصوبے 2030 تک مکمل کرلیے جائیں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ پاک چین دوستی شہد سے زیادہ میٹھی ہے، دونوں ممالک قریبی دوست ہیں، سی پیک ہماری پارٹنر شپ کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنائے گا۔

انہوں نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں نیو کلیئر پاور پلانٹ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان کی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان مشکلات سے باہر نکل رہا ہے، پاکستان کو دھرنوں اور احتجاج کی ضرورت نہیں، عوام پچھلی حکومتوں سے پوچھیں کہ ان کی بھلائی کے منصوبوں پر کام کیوں نہیں کیا گیا۔