لندن کے نومنتخب میئر امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump and Sadiq Khan

Donald Trump and Sadiq Khan

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں رپبلکن پارٹی کی جانب سے مضبوط ترین صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر وہ ملک کے صدر بن گئے تو لندن کے نومنتخب میئر صادق خان کو امریکا آنے کی اجازت ہوگی۔

برطانیہ کے نومنتخب میئرصادق خان نے ایک انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکا جانا چاہتے ہیں اور اگر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر بن گئے تو وہ میرے مذہب کی وجہ سے مجھے امریکا آنے نہیں دیں گے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لندن کے نومنتخب میئر امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے کیونکہ ہر چیز میں استثنیٰ ہوتا ہے، انہیں خوشی ہوگی کہ صادق خان لندن کی سربراہی کریں اور اگر وہ بڑا کام کرتے ہیں تو یہ بڑی بات ہوگی۔

لندن کے نومنتخب میئر نے ٹائم میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں امریکا جانا چاہتا ہوں اور وہاں کے میئروں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں تو مجھے میرے عقیدے کی وجہ سے وہاں جانے سے روک دیا جائے گا لیکن امید ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست امریکا پر حاوی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پیرس حملوں کے بعد امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لئے تجویز پیش کی تھی کہ مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی جائے جسے سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ناپسند کیا گیا تھا۔