لندن: کثیر المنزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی

London Building Fire

London Building Fire

برطانیہ (جیوڈیسک) لندن کے مرکزی علاقے میں ایک 27 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

لندن فائر بریگیڈ کے مطابق مغربی لندن کے لنکاسٹر ویسٹ اسٹیٹ نامی علاقے میں واقع گرین فیل ٹاور میں آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لگی جس نے جلد ہی عمارت کی دوسری سے 27 ویں تک تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کے مطابق عمارت میں آگ رات لگ بھگ ایک بجے کے قریب اس وقت لگی تھی جب بیشتر رہائشی سو رہے تھے۔

حکام کے مطابق آگ لگنے سے کئی افراد عمارت میں پھنس گئے تھے جنہیں امدادی اہلکاروں نے وہاں سے نکالا۔

لندن ایمبولینس سروس کے مطابق انہوں نے آگ سے متاثر ہونے والے 30 افراد کو پانچ مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ہے۔

آگ بجھانے کی کارروائی میں لندن فائر بریگیڈ کی 40 گاڑیوں اور عملے کے 200 سے زیادہ ارکان نےحصہ لیا جو کئی گھنٹے کے بعد بھی آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پاسکے ہیں۔

حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر واقعے کے بعد متاثرہ عمارت سے متصل عمارتوں کو بھی رہائشیوں سے خالی کرالیا ہے۔

لندن فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ کمشنر ڈین ڈیلی نے کہا ہے کہ آتش زدگی کا یہ انتہائی سنگین واقعہ ہے جس پر قابو پانے کے لیے ان کا ادارہ کئی طرح کے وسائل اور خصوصی آلات استعمال کر رہا ہے۔

آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ رہائشیوں کے مطابق عمارت کے داخلی حصے میں حال ہی میں کچھ مرمتی کام ہوا تھا جو بظاہر آتش زدگی کی وجہ بن سکتا ہے۔