لارڈ نذیر کو مشتبہ پاؤڈر کا لفافہ ملنے پر برطانوی پارلیمنٹ کی سیکیورٹی الرٹ

British Parliament

British Parliament

لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں لارڈ نذیر احمد کو سفید سفوف والا مشکوک لفافہ اور نسل پرستی کی نفرت پر مبنی ایک نوٹ موصول ہونے کے بعد پارلیمنٹ کو کچھ دیر کے لیے بند کرکے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

لیبرپارٹی کے رہنما لارڈ نذیر احمد کو سفوف والا مشکوک لفافہ ملنے کے بعد پولیس نے ہاؤس آف لارڈز کی عمارت کی سیکیورٹی بڑھادی ۔ جیسے ہی لارڈ نذیر احمد نے لفافہ کھولا اس کا سفید پاؤڈر ان کے کپڑوں پر گرگیا۔

واقعے کے ایک گھنٹے تک پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا جب کہ پولیس نے عمارت کے مختلف حصوں کو بند کرنے کے ساتھ متصل عمارتوں کی سیکیورٹی بھی بڑھادی۔

واضح رہے کہ نذیر احمد ہاؤس آف لارڈز کے پہلے مسلمان رکن ہیں جب کہ ان کی جماعت نے انہیں امریکی صدر باراک اوباما کے بارے میں متنازع بیان دینے پر معطل بھی کردیا تھا۔