لاس اینجلس کی پاکستانی کمیونٹی کا کونسلیٹ جنرل کیخلاف مظاہرہ

Protest

Protest

کراچی/ لاس اینجلس: مشتعل پاکستانی کمیونٹی کا لاس اینجلس کونسلیٹ آفس کے سامنے کونسلیٹ جنرل حامد اصغر خان کیخلاف مظاہرہ ‘ حکومت پاکستان ‘ پاکستانی سفارتخانے اور سفیر پاکستان سے حامد اصغر خان کی برطرفی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست لاس اینجلس کے کونسلیٹ آفس کے سامنے پاکستانی کمیونٹی نے کونسلیٹ جنرل حامد اصغر خان کے خلاف پر امن مظاہرہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کونسلیٹ جنرل کی اخلاق باختگی اور شراب نوشی نہ صرف دیارِ غیر میں پاکستانی کمیونٹی کی بدنامی کا باعث ہے۔

بلکہ پاکستان کے وقار اور اسلامی اساس کو بھی ٹھیس پہنچارہی ہے جبکہ 23مارچ کے قومی پروگرام کی تقریب میں کونسلیٹ جنرل کی شراب کی فرمائش اور کھلے عام شراب نوشی سے پاکستانی نوجوانوں کو بھی شراب نوشی کا پیغام گیا ہے جو یقینا ان کے مستقبل اور کردار کیلئے خطرناک ہے ۔ پاکستانی کمیونٹی نے حامد اصغر خان پر تعصب پرستی اور تکبر و رعونت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ موصوف کا جانبدارانہ رویہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے مصائب و پریشانیوں کے ساتھ اس کی وحدت کو بھی نقصان پہنچارہا ہے اور کمیونٹی انتشار و نفاق کا شکار ہورہی ہے جو بیرون ملک پاکستان کے امیج کیلئے انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔

جبکہ چند دیرینہ دوستوں اور ایک نام نہاد فلاحی تنظیم کے چنگل میں اسیر کونسلیٹ جنرل کمیونٹی کو اعتماد میں لئے بناءفیصلے کررہے ہیں جس سے کمیونٹی شدید خوفزدہ ہے جبکہ حامد اصغر خان کے دوست اور نام نہاد آرگنائزیشن کونسلیٹ جنرل سے ایوارڈ تقریب کے ذریعے ایسے افراد کو ایوارڈ دلاچکی ہے جن کا کردار پاکستانی کمیونٹی میں کسی طور عزت و مرتبہ اور اعتماد و بھروسہ کا حامل ہے اور ایسے لوگوں کو کونسلیٹ کی تقریب میں ایوارڈ دینا بدکردار افراد کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے جبکہ کونسلیٹ جنرل کے منفی اقدام پر تنقید کرنے پر حامد اصغر خان نے کونسل آف پاکستان افیئرکے بانی اور اپنی رفاعی وفلاحی خدمات کے باعث کمیونٹی میں انتہائی عزت وتکریم کا مقام رکھنے والے محترم ڈاکٹر منصور شاہ سمیت کمیونٹی کی کئی معزز شخصیات کیساتھ انتہائی افسوسناک‘ تحقیر آمیز و جارحانہ سلوک بھی کیا جس پر پاکستانی کمیونٹی وری طرح کونسلیٹ جنرل سے بدظن ہے اور ان کیخلاف کمیونٹی میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

یہی نہیں کونسلیٹ جنرل نے کونسل آفس میں نو تعمیر شدہ کثیرالمقاصد ہال کی افتتاحی تقریب میں شراب نوشیو عیش پرستی کے ذریعے اس ہال کی تعمیر کے اصل مقاصد سے بھی کمیونٹی کو آگاہ کردیا ہے جو کمیونٹی کیلئے کسی طور قابل قبول نہیں اسلئے لاس اینجلس پاکستانی کمیونٹی کونسلیٹ جنرل حامد اصغرخان کی فوری بر طرفی یا کسی اور جگہ تبادلے کا مطالبہ کررہی ہے۔