پسند کی شادی پر جلائی گئی لڑکی کا مفرور بھائی بھی گرفتار

Girl Brother

Girl Brother

لاہور (جیوڈیسک) لاہور پولیس نے پسند کی شادی پر زندہ جلائی گئی لڑکی کا مفرور بھائی بھی گرفتار کر لیا ۔ مقتولہ کی ماں اور بہنوئی پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں ۔ ایک محبت نے نفرت کی ایسی آندھی چلائی کہ پورا خاندان تنکوں کی طرح بکھر گیا۔

پہلے ماں ، بہنوئی اور اب بھائی بھی گرفتار ، محبت کی کہانی کا نفرت بھرا ، المناک انجام پورا خاندان رُل گیا ۔ لاہور میں پسند کی شادی پر زندہ جلائی گئی لڑکی کے افسوسناک واقعے کا ایک اور کردار پکڑا گیا ۔ لاہور پولیس نے نشتر کالونی سے مقتولہ کے مفرور بھائی انیس کو گرفتار کرلیا۔

انیس بہن کو جلائے جانے کے بعد سے روپوش تھا ، پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم انیس نے ماں کےساتھ مل کر بہن پر تشدد کیا ۔ پھندا لگایا اور پھر زندہ جلا دیا ۔ فیکٹری ایریا لاہور کی سترہ سالہ زینت نے پسند کی شادی کی تھی ۔ گھر والے اسے منا کر ساتھ لائے کہ باضابطہ رخصتی کریں گے اور پھر اس کی جان لے لی ۔ نفرت نے محبت کا ہر رشتہ مٹا ڈالا ۔ لاہور پولیس نے زینت کی ماں اور بہنوئی کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا تھا ، اور مفرور بھائی انیس کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔