ن لیگ محبت کی فضا کو فروغ دے رہی ہے، چوہدری جعفر اقبال

Dinga

Dinga

ڈنگہ : موضع کھوکھر غربی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما ایم این اے حلقہ این اے 106، پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع چوہدری جعفر اقبال نے منعقدہ حمایتی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013 ء کے انتخابات میں جو اختیار اور قوت معززین علاقہ نے مجھے دِی میں اُس کا صحیح استعمال کر رہا ہوں ،آپ کی محبتوں کا قرض حلقہ کی تعمیر و ترقی کے ذریعے لوٹائوں گا، ن لیگ محبت کی فضا کو فروغ دے رہی ہے ، ہمیں اختلافات بھلا کر ملک کی بنیادیں مضبوط کرنا ہوں گی۔

جی ٹی روڈ رحمانیہ پل سے براستہ وینس موضع کھوکھر غربی ، جھنڈیوال، قصبہ ، مہلو، چانگانوالی اور بند گھوٹ مواضعات کی اہم شاہراہ کی تعمیر و ترقی کے لیے 1 کروڑ 2 لاکھ اور 56 ہزار روپے کی خطیر رقم کے نہ صرف فنڈز منظور کروائے ہیں بلکہ اس سڑک سمیت حلقہ این اے 106 کی دیگر 5 اہم شاہرائوں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق بڑی اور اہم شاہرائوں پر تیزی سے کام شروع ہے ، انشاء اللہ معیاری سڑک تعمیر ہو گی ، کھوکھر غربی والوں کو کارپٹ سڑک ملنی خوش قسمتی کی بات ہے جس کا رزلٹ آئندہ 2 سے چار ماہ کے اندر آپ کے سامنے ہو گا ، کارپٹ سڑک کی وسیع تعمیر سے بسنے والے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بدبو اور تعفن نہ پھیلنے کے لیے پہلے سے ہی تحصیل میونسپلز کو آبادیوں اور راستوں سے کوڑا ہٹانے کے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں ، پہلی ترتیب صرف شہروں کی حد تک تھی مگر اب اس میں دیہات بھی شامل ہونگے۔

شہروں اور دیہاتوں کا کوڑا اکٹھا کر کے فروخت کیا جا سکتا ہے جس سے کھاد ، لوہا ، تانبا کے علاوہ یہ کوڑا فیکٹروں میں بطور ایندھن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ،انشاء اللہ ٹی ایم اے سے مل کر اِن علاقوں میں کوڑا گرانا بند کروا دینگے، اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی 2013 سے آج تک ترجیح لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے پر ہے اور پرائیویٹ سیکٹر میں بجلی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، کوئلہ سے بجلی بنانے کا پروجیکٹ سب سے کم ٹائم میں مکمل ہوتا ہے ، ہم نے بے شمار بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں اور ڈیموں کی بنیاد رکھی ہے ، انشاء اللہ 2 سال تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر مکمل قابو پا لیں گے اور دوسرے ممالک کو بھی فروخت کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔