وفاداریاں بدلنے والوں کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے، ایم کیو ایم پاکستان

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والے اراکین اسمبلی کی رکنیت منسوخ کی جائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا اصرار ہے ان کی سیاسی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی برقرار ہے اور کارکنوں کو گرفتار کرکے وفاداری تبدیل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

فاروق ستار نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اور پاکستان کی سیاست کرنے کے موقف پر قائم ہیں لیکن اس کے باوجود کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں اور انہیں لاپتہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، دُکھ کی بات یہ ہے کہ حراست میں لئے گئے کارکنوں کو عدالت میں بھی پیش نہیں کیا جارہا۔

خواجہ اظہار الحسن نے الیکشن کمیشن سے وفاداریاں تبدیل کرنے والے اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کیا، اُن کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کرنے والے افراد اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیں تاکہ ان کی نشستوں پر دوبارہ الیکشن کرایا جاسکے۔

فاروق ستار نے سینٹرل جیل کراچی میں ایم کیوایم کے کارکن امیرالدین عرف میرو کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے واقعے کی تفتیش کا مطالبہ کیا۔