لیاری: رینجرز کا سرچ آپریشن، بابا لاڈلا ساتھیوں سمیت مارا گیا

 Baba Ladla

Baba Ladla

کراچی (جیوڈیسک) لیاری پھول پتی لین میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا ہے، اس دوران فائرنگ کےتبادلے میں گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلا سمیت 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سےایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا ہے جبکہ 3 ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، ملزمان کے قبضے سے آٹومیٹیک اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق علاقے میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پرسرچ آپریشن جاری ہے، کارروائی لیاری گینگ وار کے کمانڈر کی موجودگی پر کی گئی، کارروائی کے دوران عمارتوں کی چھتوں سے رینجرز پر فائرنگ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق لیاری میں رینجرز آپریشن بابالاڈلا کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، کارروائی کے دوران نور محمد عرف بابا لاڈلا مارا گیا جبکہ بابا لاڈلاکے 2 قریبی ساتھی بھی مقابلے میں مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابا لاڈلالیاری آپریشن کے آغاز سے غائب ہو گیا تھا، بابا لاڈلا لیاری گینگ وار کا مطلوب ترین کردار تھا اور خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

بابا لاڈلا کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم بابا لاڈلا کو 6 گولیاں لگیں، گولیاں گردن ، سینے ، پیٹ اور ٹانگوں پر لگیں۔ ٹانگوں پر گولیاں دائیں جانب سے جبکہ گردن سینے اور پیٹ پر بائیں جانب سے لگیں۔

ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی رشتے دار خواتین بھی سول اسپتال پہنچ گئیں۔