محمود عباس فلسطینی قیدیوں کے کنبوں کی مالی امداد بند کریں: بنیامین نیتان یاہو

Benjamin Netanyahu

Benjamin Netanyahu

اسرائیل (جیوڈیسک) وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے اسرائیل کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے ہلاک کئے گئے فلسطینیوں کے کنبوں کی مالی امداد کو بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

نیتان یاہو نے اپنے ہفتہ وار کابینہ اجلاس سے قبل جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام میں، میں نے فلسطینی انتظامیہ سے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اسے جیلوں میں بند دہشت گردوں اور ارتکاب جرم کے دوران ہلاک کئے جانے والے دہشت گردوں کے عزیز و اقارب کی مادی امداد کو بند کرنا چاہیے۔

نیتان یاہو نے کہا ہے کہ آپ ایک طرف اسرائیلی شہریوں کو ہلاک کرنے والے قاتلوں کی مالی امداد سے ان کی حوصلہ افزائی کر کے دوسری طرف اسرائیل کے ساتھ امن کی حالت میں نہیں آ سکتے۔

گذشتہ ہفتے اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی مشترکہ بھوک ہڑتال کے بارے میں بات کرتے ہوئے نیتان یاہو نے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی قانون سے ہم آہنگ ، ذمہ دارانہ اور پُر عزم پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی من پسند پالیسیوں اور حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرنے اور قیدیوں کی شرائط میں بہتری لانے کے لئے اسرائیلی جیلوں میں بند تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدیوں نے گذشتہ ہفتے بروز سوموار بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا۔

فلسطینی قیدیوں کی جمیعت سمیت متعدد اداروں کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں 481 مقبوضہ مشرقی قدس کے قیدیوں سمیت 57 عورتوں اور تقریباً 300 بچوں پر مشتمل تقریباً 7 فلسطینی قیدی موجود ہیں۔