تو پھر شکوہ کیسا

Hostel Life

Hostel Life

تحریر: شاہ فیصل نعیم
ہاسٹل لائف زمانہِ طالب علمی کے رنگوں میں سے ایک اہم اور خوش رنگ ہے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اس رنگ میں رنگے جاتے ہیں ہاسٹل ایک ایسا جہاں ہے جو بذاتِ خود ایک جہاں ہے جہاں یارانے، لڑائی جھگڑے،کھیل تماشے،بحث مباحثے، پڑھائی لکھائی، مذہبی رنگ، سارا سارادن سوئے ہوئے، کتابوں میں کھوئے ہوئے، کسی ناز نین کے نخرے اٹھا اٹھا کر روئے ہوئے غرض رنگ رنگ کے نیرنگ دیکھنے کو ملتے ہیں آپ کو آپ کے ذوق کے مطابق لوگ ملیں گے جیسا آپ کا ذوق ویسے لوگ …! یہاں اکثر دانش کدے بھی سجتے ہیں ہر کو ئی دوسرے پر سبقت لیجانا چاہتا ہے کہتے ہیں ہر دانشور اپنے سے بڑے دانا کے سامنے بیوقوف ہے اور آپ کو ہر دور میں اپنے سے بڑا داناضرور ملے گا۔ یہاں آپ کو ایسے ایسے دانا ملیں گے کہ آپ بھول ہی جائیں گے کہ آپ کی ذاتِ گرانمایہ بھی کوئی وقعت رکھتی ہے۔

ایسی ایسی فلاسفیاں ایجاد کرتے ہیں کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے۔آج رات یہ دانش کدہ ہمارے کمرے میں سجا ہوا تھا طرح طرح کی باتیں ہو رہی تھیں۔ کوئی سیاست کا جہاں آباد کیے ہوئے تھا، عاشق لوگ محبت کی باتیں کر رہے تھے، کوئی محبوب کی بے رخی کی داستان سنا رہا تھا اور باقی اُس کی باتوں پرہنس رہے تھے اور وہ کہہ رہا تھا کہ بے مروت لوگو تمہیں کیاپتا محبت کیا ہوتی ہے؟ کوئی کہہ رہاتھا یا ر فلاں لڑکی کے چکر میں نا ہی پڑو ، زندگی سکون سے گزر جو رہی ہے تو پھر جان بوجھ کر اس مصیبت کو گلے لگانے کی کونسی ایسی ضرورت آن پڑی؟

Politics

Politics

پھر کسی نے پوچھا :”یاریہ تو بتاو آ ج کے دور میں اچھی لڑکی ملنا، جس کے کسی غیر کے ساتھ کسی قسم کے مراسم نا ہوں، کتنا مشکل ہے؟” “جتنا طوائفوں میں پارسا عورت تلاش کرنا”۔”جتناسیاست دانوںمیں ایماندار سیاست دان تلاش کرنا”۔ “جتناحکمرانوں میں اچھا حکمران”۔”کوئلے کے ڈھیرمیں ہیراتلاش کرنا”۔ ہر کسی کا نقطہ ِنظر جدا جدا تھا۔پھر سب مجھ سے پوچھنے لگے بتائو یار تم کیاکہتے ہو؟ “یارآپ سب لوگ مجھے ایک بات بتائو…! ہم سب اپنے اپنے اعمال کے بارے میں جانتے ہیں نا کہ ہم کتنے نیک ہیں ، ہم میں اچھائی کا پہلوکتنا ہے اور ہمارا کردار کیسا ہے؟”سب نے کہا:”باالکل جانتے ہیں”۔

“تو پھر شکوہ کیسا…؟”
جیسا ہمارا کردار ہے، جتنے اچھے یا بُرے ہم

ہیں، جتنے شک و شبے سے پاک ہم ہیں، جتنے بے حیائی سے بچے ہوئے ہم ہیں …؟ ویسا ہی ساتھی ہمیں مل جائے گا۔ توپھر پریشانی کیسی ؟ شکوہ کیسا……؟

Shah Faisal Naeem

Shah Faisal Naeem

تحریر: شاہ فیصل نعیم