ملیر ماڈل کالونی زون میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کا آغاز، سید نیئر رضا سے عوام کا اظہار تشکر

DMC KORANGI KARACHI

DMC KORANGI KARACHI

کراچی : ضلعی حکومت کورنگی کے سربراہ چیئر مین سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ ضلع میں تعمیر و ترقی کے ساتھ ہر گھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کو یقینی بنا نا ہماری اولین ترجیح ہے۔

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا انتظام ضلعی حکومت کے ماتحت نہ ہونے کے باوجود اپنی عوام کو سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ضلع کورنگی میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتری بنا نے کے لئے اپنی تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے،ضلع کورنگی کی حدود میں فراہمی ونکاسی آب کے غیر قانونی کنکشن اوراس حوالے سے روڈ کٹنگ کے خلاف متعلقہ محکموں کو سخت ایکشن لینے اور مرتکب افراد کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت قانونی کاروائی عملی میں لانے کی ہدایت کی۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یوسی چیئر مین سفیر حسین اور بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ ملیر ماڈل کالونی زون کے علاقے معین آباد میں سیوریج نظام کی درستگی کے حوالے سے نئی لائنوں کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔چیئر مین سید نیئر رضا نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کی فراہمی کیلئے جاری تمام منصوبوں کی مکمل نگرانی اور معیاری کاموں کو یقینی بنا نے کے ساتھ اسے جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

اس موقع پرعلاقہ مکینوں نے سیوریج لائن کی تنصیب اور عوام کا درینہ مسئلہ حل کرنے پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا سے اظہار تشکر کیا چیئر مین سید نیئر رضا نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کررہے ہیں انشا اللہ بتدریج علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام تبدیلی محسوس کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ آج دنیا ترقی کی منازل طے کررہی مگر ہم پینے کے پانی اور سیوریج کے مسائل جیسے مسائل سے دو چار ہیں اگر تسلسل کے ساتھ آبادیوں کے مد نظر رکھ کر میونسپل سروسز کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں تو مسائل میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔

چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ فراہمی و نکاسی آب اور روڈ کٹنگ سے اجتناب کریں اور ایسا کرنے والوں کی اطلاع بلدیہ کورنگی کے آفس یا یوسی چیئر مین آفس میں کریں غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کرکے عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تعمیر منصوبوں کی حفاظت کو یقینی اور عوام کو دیرپا سہولت پہنچا یا جاسکتا ہے۔