ملیر ،شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون میں یوم عاشور کے جلوسوں کے روٹس پر میڈیکل کیمپ قائم

Karachi News

Karachi News

کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج کی ہدایت پر یوم عاشور محرم کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے ضلعی حدود میں قائم امام بارگاہوں ،محافل و مجالس گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیہ انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔عاشور محرم پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے میڈیکل کیمپ اور عوامی رہنمائی کے لئے استقبالیہ کیمپ قائم کردیئے گئے۔

بلدیہ کورنگی کے ملیر ماڈل کالونی ،شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کی حدود جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا گیا ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو اور بلدیہ کورنگی کے محکماجاتی سربراہان کے ہمراہ ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے یوم عاشور پر علاقائی سطح پر بلدیہ کورنگی کے تحت کئے جانے والے انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین وائس چیئر مین اور کونسلرز بھی انتظامات کی نگرانی کے لئے موجود تھے۔ چیئر مین اور وائس چیئر مین نے دورے کے موقع پر مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے یوم عاشور کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے انتظامات اور مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی نے اپنے محدود وسائل اور تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عزاداران حسین کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلا تفریق رنگ و نسل ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے چیئر مین نیئر رضا نے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات میں تعاون پر منتظمین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے یقین دلا یا کہ علاقائی ترقی اور مسائل کے خاتمے کے لئے ہمیشہ تعاون کو جار ی رکھا جائیگا اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی نے یوم عاشور کے موقع پر ضلع کورنگی کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے صفائی و ستھرائی کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے قبل ازیں ضلع کورنگی کے تفصیلی دورے پر شاہ فیصل زون میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں سمیت جلوسوں کے روٹس اور علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔