منڈی بہاؤالدین میں قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے ووٹنگ

Voting

Voting

منڈی بہاؤالدین (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کی نشست این اے 108 کے ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

منڈی بہاؤالدین سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 108 کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ ضمنی انتخاب میں 4 لاکھ 31 ہزار 269 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جب کہ حلقے میں 1950 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظٓامات کئے گئے ہیں، پولیس کے 2 ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ حلقے میں حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

این اے 108 کی نشست کے لئے (ن) لیگ، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ق) کے امیدوار مد مقابل ہیں تاہم (ن) لیگ کے ممتار تارڑ اور تحریک انصاف کے طارق تارڑ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں منڈی بہاؤالدین سے اعجاز احمد چوہدری کامیاب قرار پائے تھے لیکن (ن) لیگ کے امیدوار کی جانب سے دائر درخواست پر انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔