نکاح ایک عبادت ہے جسے رسم بنا دیا گیا ہے، معراج الہدی صدیقی

Nikah

Nikah

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ نکاح ایک عبادت ہے جسے رسم بنا دیا گیا ہے ، شادی رسول اللہ ۖ کی سنت ہے ، جو طریقہ آپ ۖ نے سکھایا وہ آج بھی زندہ ہے ۔ آج شادی کو مشکل سے مشکل تر بنا دیا گیا ہے جو کہ معاشرے کو بگاڑ کی جانب لئے جا رہا ہے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے انجمن کمپلیکس، سخی حسن چورنگی میں امیر جماعت اسلامی نارتھ کراچی زون طارق مجتبیٰ کے صاحبزادے طاہر مجتبیٰ کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں درس قرآن دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نکاح کا اصل مقصد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے لئے جوجائز راستہ مقرر کیا ہے اسی کو اختیار کرنے میں کامیابی اور خوشحالی ہے۔

اسلام جس اعلیٰ تہذیب و تمدن کا داعی ہے وہ اس وقت وجود میں آسکتے ہیں جب ہم ایک پاکیزہ معاشرہ تعمیر کر نے میں کامیاب ہوں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ خاندانی نظام کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اورکامیاب بنایا جائے خاندانی نظام زندگی کا آغاز شوہر اور بیوی کے پاکیزہ ازدواجی تعلق سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبیۖ نے فرمایا ہے کہ مومن کے لئے خوف خدا کے بعد سب سے زیادہ مفید اور باعث خیر نعمت نیک بیوی ہے۔ اسلام ہی وہ دین ہے جس نے عورت کو تمام حقوق دیئے ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں فعال کردار ادا کرنے کا درس دیا ہے۔ نکاح کی وجہ سے ہی عورت اور مرد کو عزت ملتی ہے۔

دنیا کے ہر مذہب میں کسی نہ کسی شکل میں شادی کا طریقہ موجود ہے۔ جن معاشروں میں شادی کا تصور ختم ہوا ہے وہ معاشرے تباہی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شادی کا بندھن انسانی زندگی کو دوام اور تسلسل دیتا ہے جو کہ ایک نیا خاندان وجود میں لاتا ہے جس میں عورت کا کردار کلیدی ہے۔ معاشرے کی اصلاح میں عورت کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320