کالا باغ ڈیم ضروری ہے

Water

Water

تحریر : رانا اعجاز حسین
پانی جو کہ کرہ ارض پر بسنے والوں کے لیے ایک بہت بڑی نعمت خداوندی ہے، پانی جو کہ انسانی زندگی کے لئے انمول اور کاشتکاری کے لیے بنیادکی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن ہمارے حکمرانوں کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث ملک میں بسنے والوں کو کہیں پینے کا پانی تک میسر نہیں اور کہیں قوم سیلاب کا دکھ جھیل رہی ہے۔ جیسے جیسے دنیا کی آبادی بڑھ رہی ہے پانی کی اہمیت بھی بڑھتی چلی جا رہی ہے یہی جہ ہے کہ دنیا بھر میں پانی کو ذخیرہ کرنے کے اقدامات بھی ہوتے چلے آ رہے ہیں۔ پاکستان 14 اگست 1947 ء کو معرض وجود میں آیا تب اس سر زمین کو دریائوں کی وجہ سے پنج دریا کی دھرتی بھی کہا جاتا تھا۔ پاکستان میں بہنے والے دریا شمالی علاقہ جات وادی کشمیر اور بھارت سے ہو کر ارض پاک میں آتے اور ان سے ہمارے کسان اپنی زمینوں کو سیراب کرتے چلے آرہے ہیں اگرچہ ایوب خان کے دور حکومت میں سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوا تھا اور ایوب خان کے دور میں ہی تربیلا اور منگلا ڈیم کی تعمیر بھی ہوئی جس سے پانی ذخیرہ کرنے کے سلسلے کے ساتھ ان سے بجلی پیدا کرنے کا کامیابی سے کام ہوا جو اس وقت کی ضروریات کے لئے مناسب تھا۔ وقت تیزی سے گزرتا چلا گیا اور ہر آنے والے سال میں بجلی کی مانگ میں بھی اضافہ ہوتا چلا گیا۔

ایک دور تھا جب گھروں میں ایک دو بلب اور ایک پنکھے سے گزر ہو جاتا تھا۔ پھر معیار زندگی بلند ہونے اور الیکٹرانک اشیاء کی بڑھوتری نے صورتحال یکسر بدل دی ریڈیو کے بعد ٹیلی وڑن، ریفریجریٹر، واشنگ مشین گھروں کی ضرورت بنتی چلی گئی اس طرح شدید موسم گرما میں ائرکنڈیشنڈ اور ائیر کولر نے بھی بجلی کی طلب کو بڑھا دیا۔ یوں آہستہ آہستہ بجلی کی رسد کم اور طلب زیادہ ہونے لگی۔ اگرچہ بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے حکومتوں نے مختلف اقدامات بھی کئے مگر صورتحال دگرگوں ہوتی چلی گئی یوں لوڈشیڈنگ کا آغاز ہوا۔ ایک وقت تھا کہ ضیاء دور حکومت میں شام کو صرف پچیس منٹ کے لئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور عوام اس سے ہی تنگ تھے۔

انہی دنوں کالا باغ ڈیم کے ایک ایسے منصوبے کا ذکر زور و شور سے ہوا جس کی تعمیر سے نہ صرف پانی کا وسیع ذخیرہ جمع ہوتا بلکہ اس ڈیم کی تعمیر سے بجلی کی پیداوار سے ملک لوڈشیڈنگ سے نجات پا جاتا۔ کالا باغ ڈیم منصوبے کو آغاز ہی میں کسی کی نظر لگ گئی اور ملک دشمن ہمسایہ ملک نے اپنی تمام تر توانائیاں کالا باغ ڈیم منصوبے کی مخالفت میں صرف کردیں۔ اور صوبہ کے پی کے اور سندھ میں ایک مخصوص لابی کے ذریعے عوام کو اکسانے کا سلسلہ شروع کر دیا ، کسی نے اس ڈیم کی تعمیر سے نوشہرہ شہر کے ڈوبنے کا کہہ کر عوام کو ورغلایا تو کسی نے سندھ میں بہنے والے دریائے سندھ کے پانی میں کمی کو جواز بناکر عوام کو گمراہ کیا۔ حالانکہ کالا باغ ڈیم کے برعکس آج بھی ہمارے، دریائوں کے پانی کا بڑا حصہ سمندر میں جا گرتا ہے۔

Kala Bagh Dam

Kala Bagh Dam

ضیاء الحق کے بعد پیپلزپارٹی کی حکومت نے اقتدار سنبھالا یا مسلم لیگ (ن) اور (ق) نے، صدر اسحاق خان ہوں یا جنرل پرویز مشرف کسی بھی حکمران نے کالا باغ ڈیم کے لئے سنجیدگی نہیں دکھائی جبکہ کالا باغ ڈیم کی تمام مشنری زنگ آلود ہو گئی ،پہلے تو وفاقی بجٹ میں کالا باغ ڈیم کے منصوبے کا ذکر ملتا رہتا تھا آہستہ آہستہ وہ بھی پس منظر میں چلا گیا۔ آج پاکستان میں پانی” بحران” کا سبب بنا ہوا ہے ، ہر سال سیلاب کے باعث ملک کا ایک بڑا زرعی رقبہ زیر آب آجاتا ہے جس سے کاشتکاروں اور دیہی علاقوں کے مکینوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے تو دوسری طرف ملک میں بڑے ڈیموں کے فقدان کے باعث لوڈ شیڈنگ کے عفریت نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، اور وفاقی وزیر داخلہ کو تو یہ بھی کہنا پڑا کہ آئندہ الیکشن میں ہمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا چیلنج ہو گا۔ اگرچہ چند روز قبل وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے ایک تقریب میں یہ اعلان کیا کہ ہم نے بجلی کی کمی کو چند ماہ میں پورا کرنے کی بات نہیں کی تھی عوام صبر کریں حکومت 2017 ء کے آخر تک بجلی بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ”

یہ درست ہے کہ حکومتی سطح پر بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور بجلی پیدا کرنے کے سلسلے میں مختلف اقدامات بھی ہو رہے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ آج بھی کالا باغ ڈیم کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ حکمرانوں کو فوری طور پر اس ڈیم کو شروع کر کے ہنگامی بنیادوں پر اس کی تعمیر شروع کروا دینی چاہئے جس سے نہ صرف پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے والا ایک بڑا ڈیم بن جائے گا بلکہ اس سے بجلی پیدا ہو کر پاکستان کو روشن کرے گی۔ آج بھارت کو دیکھ لیں جس نے اپنے دریائوں پر خاص طور پر ان دریائوں پر جو وہاں سے پاکستان آتے ہیں پر درجنوں چھوٹے بڑے ڈیم بنا کر ہمارے دریائوں کو خشک کر دیا مگر ہمارے حکمران ابھی تک ان ملک گیر مسائل پر عدم توجہی کا شکار ہیں۔ کالا باغ ڈیم وقت کی ضرورت ہے اور پاکستان کے عوام کے از حد ضروری ہے۔ حکمرانوں کو آئی ایم ایف اور دیگر باتوں کی بجائے وطن عزیز کے لئے سوچنا ہو گا کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ہی جہاں ملک میں دوشنیاںاور خوشحالی آئے گی وہیں ملک کو ہر سال کے سیلاب سے نجات میسر آسکے گی یہی صدائے وقت حکمرانوں کی توجہ کی منتظر ہے۔

Rana Aijaz Hussain

Rana Aijaz Hussain

تحریر : رانا اعجاز حسین
ای میل:ra03009230033@gmail.com
رابطہ نمبر:0300-9230033