مکہ مکرمہ، حرم شریف میں کرین گرنے سے 107 عازمین حج شہید

Mecca Crane Collaps

Mecca Crane Collaps

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) تیز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حرم شریف میں جاری تعمیراتی کام کے دوران کرین مسجد میں موجود عازمین حج پر جا گری جس سے متعدد عازمین حج اس کے نیچے دب گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدای ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ مکہ مکرمہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید بن سرحان نے ٹویٹر پر بیان میں بتایا کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر سعودی ہلال احمر، ریسکیو اور محکمہ صحت کی 15 ٹیمیں سرگرم ہیں۔ دوسری جانب مکہ معظمہ کے گورنر شہزادہ خالد بن الفیصل نے کرین حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل کرتے ہوئے جلد از جلد رپورٹ طلب کی ہے۔ حادثے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ سکی۔

صدر اور وزیراعظم نواز شریف نے کرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید افراد کے بلند درجات کی دعا ہے جب کہ وزیراعظم نے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر کو زخمیوں کی عیادت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ وہ سعودی حکام کیساتھ رابطے میں ہیں زخمیوں کے بارے میں معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچے ہوئے ہیں۔