میڈیا کو سی پیک منصوبے پر جمی برف کو توڑنا ہو گا، سردار شوکت پوپلزئی

CPEC Workshop

CPEC Workshop

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر بلوچستان اکنامک فورم سردار شوکت پوپلزئی کا کہنا ہے کہ میڈیا کو حکومت کی جانب سے پاک چائنا اکنامک کور یڈورمنصوبے پر جمی برف کو توڑنا ہوگا ۔بلوچستان میں انفرااسٹرکچر کی کمی ،غربت اور تعلیمی فقدان بڑے مسائل ہیں ان پر قابو پانے کیلئے حکومت اور پرائیوٹ سیکٹر دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

بیورو کریٹک اور سیاسی روکاوٹوں سے منصوبے کو نہیں روکا جاسکتا ہمیں اس کی تکمیل کیلئے اکنامک سپاہی کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کونسل آف میڈیا ویمن کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس بے پناہ وسائل موجود ہیں لیکن سی پیک منصوبے میں ان کی دلچسپی بہت کم ہے حکومت کو اس بارے میں عوام کو درست طور پر آگا ہ کرنا ہوگا 18ویں ترمیم نے صوبوں پر ذمے داری بڑھا دی ہے بلوچستان میں چین کے بارے میں اچھا تاثر ہے۔سردار شوکت پوپلزئی نے مزید کہا کہ چین اپنی ضروریات کے مطابق کا م کررہاہے ہمیں اسکی تقلید کرنی چاہئے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامز ن ہوسکے۔

انٹرنیشنل کارپوریٹ سیکٹر کی گوادرمیں دلچسپی خوش آئند ہے ۔قطر انرجی کوریڈور گوادر میں بنایا جارہا ہے اسکا چاہ بہار سے موزانہ کرنا درست نہیں ۔سی پیک منصوبے کی بدولت ایک مزدور کو 12ہزار ڈالر سالانہ آمدنی ہوگی جس سے یقینا پاکستان اور خصوصا بلوچستان کے عوام کو براہ راست فائد ہ ہوگا۔

صدر پاکستان کونسل آف میڈ یا ویمن حمیرا موٹالا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی پیک کی بدولت گوادر سے گلگت تک معاشی انقلاب آئے گا نئی نسل کو اس منصوبے کے بارے میں آگاہی دینا وقت کی ضرورت بن چکا ہے ۔میڈیا میںہمیشہ روز ہمیں سیکھنا پڑتا ہے سی پیک کو گراس روٹ لیول پر سمجھنے کا موقع اس سے پہلے میڈیا میں کام کرنے والی خواتین کو نہیں دیا گیا۔

سینئر صحافی مقصود یوسفی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارنٹر شپ کے تحت مکمل کیا گیا تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے حکومتی ہاتھوں میں منصوبہ کٹھائی میں پڑ سکتا ہے ۔آغا مسعود نے کہا کہ سی پیک پر عمل درآمد ہونا ضروری ہے بلوچستان کے 75فیصد لوگ اس منصوبے کے حق میں ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر خواتین کی ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے ان کی ذہنی صلاحیتو ں میں مزید اضافہ ہوگا ۔اس موقع پر نائب صد ر پاکستان کونسل آف میڈیا ویمن شازیہ ارشد ،ایاز رانا ،فرزانہ خان ،سیریں مٹھانی اور مجیب الرحمان خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکا ء میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔