میٹنگ کا اندرونی احوال، ایک دوسرے پرالزامات کی بارش

Intikhab Alam

Intikhab Alam

کراچی (جیوڈیسک) فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں قومی کرکٹ کے بڑوں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کر دی، وقار یونس اور انتخاب عالم نے سارا نزلہ کپتان پر گرا دیا، چیف سلیکٹر پر بھی من مانی کا الزام دھرا گیا۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ہیڈ کوچ نے زیادہ تر وقت کپتان شاہد آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عمر اکمل و احمد شہزاد کیخلاف کارروائی کی سفارش کردی، وہ یہ باتیں اپنی رپورٹ میں بھی تحریر کر چکے جس کی تفصیلات پیر کو ہی منظرعام پر آ گئی تھیں، انھوں نے کہا کہ خرم منظور کی ٹیم میں شمولیت میں میری رائے شامل نہیں تھی، سلیکٹرز نے من مانی کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا حالانکہ میں نے سلمان بٹ کیلیے درخواست کی تھی۔

وقار یونس کے مطابق سلیکشن کمیٹی کا کوئی وژن نہیں اور بہت جلدی جلدی تبدیلیاں کی گئیں، جدید کرکٹ نوجوانوں کی ہے مگر 39 سالہ کھلاڑی کا ڈیبیو کرا دیا گیا، وقار یونس نے ٹیسٹ تک محدود یونس خان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان جیسے عمررسیدہ کرکٹرز کو کھلاتے رہے تو نئے پلیئرز کہاں جائیں گے۔ منیجر انتخاب عالم نے 7 کھلاڑیوں کو ٹیم میں مس فٹ قرار دیتے ہوئے شاہد آفریدی کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ ہر بار ٹیم مشاورت سے منتخب کی، دوران ٹور مینجمنٹ کو مشورے دیے مگر کسی پر عمل نہیں کیا گیا، کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بھی کم ہے۔