ممبر قومی اسمبلی افتخار احمد چیمہ کا حلقہ این اے 101 کا تاریخی قصبہ دھونکل کا دورہ

Iftikhar Ahmad Cheema

Iftikhar Ahmad Cheema

وزیرآباد (نامہ نگار) ممبر قومی اسمبلی افتخار احمد چیمہ نے حلقہ این اے 101 کے تاریخی قصبہ دھونکل کا دورہ کیا۔ اٹلی میں مقیم مسلم لیگی رہنما چوہدری رضائے مصطفی کی دھونکل میں رہائشگاہ پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج قائد کا پاکستان دنیا کے با وقار ملکوں کی صف میں کھڑا ہے۔

میاں برادران صحیح معنوں میں ملک کی خدمت کا حق ادا کررہے ہیں۔ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والوں کو دراصل ملکی ترقی وخوشحالی کا سفر ہضم نہیں ہورہا جس کی وجہ سے وہ مخالفت برائے مخالفت کے اصولوں پر عمل پیر ا ہیں۔خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبہ پنجاب میں شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے 2016ـ17 کے بجٹ میں یکساں رقوم مختص کر کے مخالفین کے منہ بند کردئے ہیں۔

افتخار چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے تاریخ ساز کام کئے ہیں۔پورے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے دشمن کی طرف سے سرتوڑ کوششوں کے باوجود غیور بلوچ عوام نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر ثابت قدمی اور استقلال سے پاکستان کے خلاف تمام منفی پروپیگنڈوں اور سازشوںکو شکست دی۔

دوست ملک چائنہ46 ارب ڈالرپاکستانی حکومت کو معیشت کی بہتری کیلئے دے رہا ہے ۔دہشت گردی کے خاتمہ، امن عامہ کی بحالی ،نئی شاہراہوں کی تکمیل ،موٹر وے ، میٹرو اور ٹرین منصوبوں کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر اور تعلیم وترقی کے فروغ سے مستحکم اورخوشحال پاکستان ایک روشن حقیقت کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ممبر قومی اسمبلی نے علاقہ کے گرلز اور بوائز ہائی سکولز کو انٹرمیڈیٹ کا درجہ دلوانے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے دھونکل کے مکینوں سے کہا علاقہ کے ترقیاتی کاموں کیلئے50افراد پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے جن کے تعاون اور تجاویز سے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس موقعہ پر علاقہ مکینوں کی جانب سے یہ اعتراضات اٹھائے گئے کہ حلقہ پی پی104 سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شوکت منظور چیمہ نے خستہ حال بیشتر دیہی اور شہری علاقوں کو بے یار ومددگار چھوڑ کر اپنے گائوں منظور آباد کو ماڈل بنانے کیلئے مبینہ طور پر23کروڑ روپے گرانٹ پنجاب حکومت سے منظور کروائے ہیں جس کی ان کے گائوں میں کوئی ضرورت بھی نہ تھی۔

ممبر قومی اسمبلی نے عوامی شکایات پر یقین دہانی کروائی کہ وہ یہ معاملہ ضرور اعلیٰ قیادت کے نوٹس میں لائیں گے اور پورے حلقہ کی عوام کے مسائل حل کروائیں گے۔