میانداد نے چیئرمین بورڈ کو تمام خرابیوں کی جڑ قرار دیدیا

Miandad

Miandad

کراچی (جیوڈیسک) قومی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے، جاوید میانداد نے چیئرمین پی سی بی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے تمام خرابیوں کی جڑ قراردیدیا۔

سابق کپتان نے کہاکہ سب سے پہلے شہر یار خان مستعفی ہوں، پھر دیگر معاملات کو دیکھا جائے۔ ایک اور سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہاکہ بروقت درست فیصلے کرنے میں ناکام رہنے والے ہیڈ کوچ وقار یونس اب ناقص کارکردگی پر حیلے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کرکٹ کے معاملات کا جائزہ لے کردرست سمت میں اقدامات کریں، انھوں نے کہا کہ سب سے پہلے بورڈ میں صحیح لوگوں کو لاکر درست فیصلے کیے جائیں، ٹیم میں تبدیلی بعدکی بات ہے۔

قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے کہاکہ قومی کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کے ذمے داران کو عوام کی جانب سے شدید ردعمل کیلیے تیار رہنا ہوگا، شاید اس حوالے سے انھوں نے خود کوذہنی طور پر تیار بھی کرلیا ہو، انھوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ شاہد آفریدی ذمہ داری نبھانے میں بُری طرح ناکام ہو چکے، اب ان کو فیصلہ کرنے میں کتنا وقت درکار ہے؟