مشیل اوباما نے اب صحافت کے میدان میں قدم رکھ دیا

Michelle Obama

Michelle Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی خاتون اول مشیل اوباما کئی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ اب انہوں نے ایک اور میدان میں قدم رکھا ہے۔ یہ ایک بیوی ہیں، ایک ماں ہیں، پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، بچوں اور فوجی خاندانوں کے حقوق کے علم بردار ہیں اور سب سے بڑھ کر امریکا کی خاتون اول ہیں۔

یہ مشیل اوباما ہیں۔ انہوں نے کیا ہے اب ایک نئے سفر کا آغاز اور یہ سفر ہے صحافت کے میدان خار زار کا۔ جی ہاں مشیل اوباما بن گئی ہیں میگزین ایڈیٹر۔ خواتین کے میگزین مور کے جولائی، اگست کے شمارے میں ان کا نام چھپا ہے، بطور مہمان ایڈیٹر یہ وائٹ ہاوس اور میگزین انڈسٹری کے لیے پہلا موقع ہے کہ کوئی خاتون اول کسی میگزین کی مہمان ایڈیٹر بنی ہیں۔

مور کی ایڈیٹر انچیف لیزلی سیمور کا کہنا ہے کہ مہمان ایڈیٹر کا عہدہ محض نمائشی نہیں، بلکہ مشیل اوباما نے تازہ شمارے کے لیے نہ صرف کئی آئیڈیاز پیش کیے، بلکہ مضامین بھی لکھے اور 148صفحات پر مشتمل شمارے کا ایک ایک صفحہ پڑھا اور آخری منٹ تک تبدیلیاں تجویز کیں۔

میگزین کے تازہ شمارے میں دنیا کے متعلق مشیل اوباما کے نقطہ نظر پر توجہ مرکوز کی گئی۔