فوجی عدالتوں کا معاملہ، پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہو گی

Asif Ali Zardari and Bilawal Bhutto

Asif Ali Zardari and Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہو گی۔

مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی ۔پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس ہفتہ کی صبح 11 بجے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہو گی ،تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔کانفرنس کی میزبانی سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن،عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی ،مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین ،بی این پی عوامی کے سربراہ اسرار اللہ ظہری،جمہوری وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ ،پاکستان عوامی تحریک ،مجلس وحدت مسلمین اور متحدہ قومی مومنٹ کا وفد بھی شرکت کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اے پی سی میں فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے معاملے اور اس سلسلے میں نئی مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع پر تمام جماعتیں متفق ہیں لیکن کوشش کی جائے گی کہ وزیر اعظم نواز شریف سے یقین دہانی لی جائے کہ فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہونے سے پہلے ٹھوس عدالتی اصلاحات کر لی جائیں تاکہ دوبارہ فوجی عدالتوں کی ضرورت نہ پڑے۔