فوجی آلات کی چوری، چھ امریکی فوجیوں سمیت 8 پر فرد جرم عائد

Military Equipment Theft

Military Equipment Theft

امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ میں چھ فوجیوں اور دو دیگر افراد پر حساس فوجی آلات چرانے انھیں چین، روس اور یوکرین سمیت بیرون ملک خریداروں کو فروخت کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

یہ فوجی ٹینیسی اور کنٹکی کی سرحدوں تک پھیلے فورٹ کیمبل میں تعینات تھے۔ جمعرات کو ٹینیسی میں نیش ویل کی گرینڈ جیوری نے ان آٹھ افراد پر فرد جرم عائد کی۔

چوری کیے گئے سامان میں ماہر نشانہ بازوں کی دوربینیں، مشین گن کے پرزہ جات، باڈی آرمر اور دیگر آلات شامل تھے۔

فرد جرم میں چھ فوجیوں پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے یہ سامان چرا کر دو سویلینز کو دیا جنہوں نے اسے مبینہ طور پر انٹرنیٹ پر “eBay” پر فروخت کیا۔

یہ سامان خریدنے والوں میں چین، روس، ملائیشیا، قازقستان اور میکسیکو سمیت متعدد ملکوں کے لوگ شامل تھے۔

ٹینیسی کے مڈل ڈسٹرکٹ کے اٹارنی ڈیوڈ ریویرا کا کہنا تھا کہ ان الزامات سے “کسی بھی طرف مسلح افواج میں امریکہ کی آزادی کی حفاظت کرنے والے بہادر مرد و خواتین کے وقار کو داغدار نہیں کیا جانا چاہیے۔”